8
اللہ کے بندوں کو اللہ کی نظر سے دیکھیں تو معلو م ہو تا ہے ”اللہ کے بندے “تو دراصل ہمارے لیے ”اللہ تک جانے کا راستہ “ہیں۔ اللہ نے ہر جگہ بلا تخصیص اپنے بندوں سے پیار کرنے کے بارے میں فرمایا ہے کیونکہ وہ خود اپنے ہر بندے سے 70ماﺅں سے زیادہ پیار کر تا ہے۔ دراصل اللہ کے لئے اس کے بندے بہت ہی حساس اور نازک معاملہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایسا ”معاملہ “جس کے بارے میں بہت باریکی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اگر غور کریں تو پتا چلتا ہے کہ اس نے جن جن معاملات میں اپنی پسند و نا پسند کا اظہار فرمایا ہے ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بندوں سے ہے ۔ مثلاََ اگر پڑوسی کا حق ادا کرو گے، جھگڑا نہیں بڑھاﺅ گے، حسن سلو ک روا رکھو گے تو خوش ہو جائے گا اور اسی پر وہ کچھ نہ کچھ عطا کرنے کا وعدہ بھی ساتھ ہی فرماتا ہے ۔جبکہ دوسری طرف حقوق ادا نہ کرنے پر فرماتا ہے کہ حقوق اللہ تو معاف کر دوں گا مگر حقوق العباد کے بارے میں پوچھ ہو گی ۔لہذااللہ کے بندے ہمارے لیے اللہ تک جانے کا بہترین اور مختصر راستہ ہیں اور اگر آپ کے اندر پیار کرنے کی صلاحیت موجود ہو تو یہ بہترین راستہ بہت آسان ہو جاتا ہے۔