20
اللہ کے احسا س میں ہر لمحہ گذارنے کی کوشش بندے کے دل کی حالت پر بہت اثر کرتی ہے ۔اللہ کی ولایت میں جانے کی چاہ رکھنے والا جب اس کے احساس کی صحبت میں لمحہ لمحہ گذارنے لگے اور دل اس کی دوستی کرنے میں مگن ہو تو اس خاص صحبت کا منفرد رنگ اس کے عمل اور معاملات میں بھی نظر آنے لگتاہے۔ جب اللہ کے ساتھ کا احساس ہر پل اندر اترے اور کسی کا اس کے ساتھ قربت کا پیارا سا رشتہ ہو تو تب ہی اس کو خوش کرنے کی کوشش کی شروعات ہوتی ہے کہ جس سوہنے کی اور زیادہ قربت پانا چاہ رہے ہیں جس کے ساتھ اپنی دوستی اور مضبوط بنانا چاہ رہے ہیں اس کی پسند کو اپنائیں تاکہ وہ خوش ہو اور ہمیشہ قائم رہنے والی مضبوط دوستی کا رشتہ عطا ہوجائے۔ یہاں اللہ سے محبت کے احساس اب بندے کو ہر معاملے میں اللہ کی مرضی، پسند، خوشی اور اسی کی رضا کو اپنانے کی طرف مائل کرنے لگتے ہیں۔ دل کو ہر لمحہ اندر ہی اندر احساس رہنے لگتا ہے کہ اللہ کو میرا کیا احساس ، سوچ یا عمل پسند یا نا پسند آرھا ہے۔اور اس کا ہر لمحہ اسی مقصد کے حصول کی جستجو میں گزرنے لگتا ہے۔
اپنے اصل کی پہچان کا یہ روحانی سفر حق کے راہی کے شوق اور طلب کے حساب سے چلتا ہوا ایسے ہی مختلف روحانی مدارج طے کرتا ہوا آگے بڑھتاچلا جاتا ہے جس کی کوئی انتہا نہیںہوتی۔