سوال :بیماری کے علاوہ جو دوسرے مسائل ہماری زندگی میں آتے ہیں تو ان کے لیے بھی21دن کا کورس کیا جاتا ہے۔ یہ کورس ان مسائل کے حل کے لیے کیسے اثر انداز ہوتا ہے؟

ہم زندگی کے جتنے بھی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں ان سے نکلنے کے لیے زیادہ تر پریشانی میں روتے دھوتے ہیں۔ یا کبھی دعا کر لیتے ہیں ورنہ پڑھنے والے وظائف کا سہارا لیتے ہیں اور کچھ ہی دنوں میں مسئلہ حل نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہو نے لگتے ہیں۔ جس کے اثرات یہ ہوتے ہیں کہ ہم اللہ کی رحمت کے کھلے دروازے اپنے لیے خود ہی بند کردیتے ہیں مگر کسی قرانی سورة ، اسماءالحسنی، درود پاک یا قصیدہ بردہ شریف سننے کا کورس اور ساتھ مستقل طور پر کم از کم دن میں دوبار سچے دل سے اپنی خطاﺅں کا اقرار کرنا اور معافی مانگنا اور مسائل کے حل کے لیے دعا کرانا اللہ کے ساتھ ہمارے دل کے رابطے کو مستقل طور پر دن بہ دن بڑھاتا اور مضبوط کرتا جا رہا ہوتا ہے۔ جب تلاوت کلام پاک ، اسماءالحسنی، درود پاک یا قصیدہ بردہ شریف کے الفاظ ہمارے دل میں اترتے ہیں تو یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ اللہ کے تو ہم پر پہلے ہی بے شمار انعامات اور احسانات ہیں۔ جس کی وجہ سے دل مایوسی سے نکل کر حالت شکر میں آنے لگتا ہے اور یہی شکر کرنا ہمارے لیے اور زیادہ انعامات اور احسانات کی راہ کھول دیتا ہے۔ اللہ سے پیاراور اس یقین کے احساس کی وجہ سے کہ وہ ہمیشہ ہمارے لیے بہتر کرے گا ہمارا دل اللہ کی رضا پر راضی رہنے میں ہی سکون پانے لگتا ہے اور زندگی کے بہت سے مسائل مثلاً رزق کی کمی یا رشتوں اور آپس کے معاملات میں دن بہ دن بہتری آنے لگتی ہے کیونکہ ہمارے دل کا رابطہ ہر وقت پیار اور یقین کے ساتھ اس ”احکم الحاکمین“ رب کے ساتھ بنا رہتا ہے جس کے حکم پر ہماری زندگیاں چلتی ہیں۔