بد دیانتی

اللہ کی ہر نعمت چاہے وہ مال و دولت ہو یا اہل و عیال ، صحت و تندرستی ، علم ہو یا کوئی منصب، یہ سب ہمارے پاس اللہ کی نعمت ہے۔اور ان کو اللہ کے احکام کے تابع رہتے ہوئے اللہ کی پسند اور رضا کے مطابق ہی استعمال کرنا ہوتا ہے۔اور ان سے مستفید ہونا ہوتا ہے۔اگر ہم ایسا نہیں کرتے یعنی ان سب کو اپنی من مرضی کے مطابق استعمال کرتے ہیں تو یہ بد دیانتی کہلائے گی۔
اللہ ہمیں بد دیانتی سے بچائے۔آمین
﴿
دیانت کا الٹ بد دیانتی ہے۔جب ہم کسی معاملے میں حق سے ہٹ کر کچھ کہہ یا کر رہے ہوتے ہیں تو ہم بد دیانتی کر رہے ہوتے ہیں۔منافق کی چار نشانیوں میں سے ایک نشانی اس کا بد دیانت ہونا ہے۔جب کوئی اپنی چیز ، مال یا کسی بھی اور شے کی صورت میں ہمارے پاس امانت رکھوائے اور ہم ان کو خود استعمال کریں یا دینے سے انکار کر دیں تو وہ بد دیانتی ہوتی ہے۔
اللہ ہمیں امانت کی بہترین حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
﴿
جب کوئی ہمیں اپنا معاملہ بتانا چاہتا ہے اور ہم سے اچھا مشورہ چاہ رہا ہوتا ہے۔مگر ہم اس کو اس کے لیے جو مشورہ بہتر ہو جان بوجھ کر نہیں دیتے تو یہ بھی بد دیانتی ہے۔اپنے دل میں جھانکیں کہ ہم کیا کرتے ہیں؟
﴿
والدین پر لازم ہے کہ وہ اولاد کی تربیت کا فریضہ صحیح طرح سے سرانجام دینے کی کوشش کرے۔اگر وہ ایسا نہیں کرتے یعنی اپنے فرض سے کوتاہی کرتے ہیں تو وہ بد دیانتی کر رہے ہوتے ہیں۔اس طرح سے اگر کوئی کسی کے ساتھ اپنی بات یا معاملہ بیان کرے تو اس کی اجازت کے بنا اس کی بتائی ہوئی بات کو آگے کسی کے ساتھ ذکر کرنا بھی بد دیانتی ہے۔کسی کے اپنے پاس رکھوائے ہوئے مال یا کسی اور شے کی ادائیگی سے انکار کرنا یا اس کی حفاظت نہ کرنا اور اسے بنا اجازت استعمال کر لینا بھی بد دیانتی ہے۔اللہ نے اپنے دیے ہوئے رزق میں سے خرچ کرنے کا حکم دیا ہے ۔اگر ہم اس کو حلال طریقے سے جائز کاموں میں استعمال نہیں کرتے تو یہ بھی بد دیانتی ہے۔ہمیں دیا ہوا علم یا کوئی صلاحیت جسے ہم اپنے یا دوسرے کے بھلے کے لیے استعمال نہیں کرتے یا دوسروں تک اسے نہیں پہنچاتے تو یہ بھی بد دیانتی ہے ۔ہم جب اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اگر کسی بھی طرح کے وسائل کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے استعمال کریں اور اپنی ذمہ داریوں میں بھی کوتاہی کریں تو یہ بد دیانتی ہو گی۔
غور کریں کہ کیا ہم بھی ایسی بد دیانتی تو نہیں کرتے؟
﴿
ایک حدیث ِ مبارکہ میں آتا ہے کہ
”اس میں ایمان نہیں جس میں امانت نہیں“
اب اللہ نے جس جس طرح سے ہمیں جو کچھ عطا کیا ہوا ہے اس کی حفاظت اور اس کو اللہ کی رضا کے مطابق ہی استعمال کرنے کی بہترین کوشش ہمیں بد دیانتی سے بچاتی ہے۔
اللہ کرے کہ ہم بھی اپنے اپنے دائرہِ کار میں رہتے ہوئے اور بد دیانتی سے بچتے ہوئے بہترین طریقہ سے اللہ کی رضا کو پاسکیں۔آمین
﴾﴿