باطل الرٹ2
باطل اور نماز

باطل فرائض کی ادائیگی کی راہ میں سستی یا رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کچھ بھی ایسا کرے گا کہ نماز کی بہترین ادائیگی نہ ہو سکے اور یوں ہم فرض کی ادائیگی اور ایک بڑے روحانی قوت کے ذریعے سے محروم رہیں۔
نماز حق کی راہ پر آگے بڑھنے کے لیے پہلی سیڑھی ہے۔ اس پر قدم جمائے بنا حق کی راہ پر نہ کھڑے رہنا ممکن ہے اور نہ ہی آ گے قدم بڑھایا جا سکتاہے۔ باطل یہاں وار کرنے سے نہیں چوکتا کیونکہ حق کی راہ کے مسافر کو روحانی پاور ہی باطل سے لڑ کر آ گے بڑھنے میں مدد دیتی ہے ۔جب ہم حتیٰ الامکان کوشش کر تے ہوئے روزانہ پانچ وقت اور باقاعدگی سے نماز ادا کرتے ہیں تو ہمیں ذہنی، جسمانی و قلبی اور روحانی پاکیزگی اور روح کی پاور ملتی ہے۔ اللہ کے سامنے ہر دِن میں پانچ بار عاجزی سے پیش ہونے سے روح کی پاور حاصل کر کے ہم بہت سی برائیوں سے بچے رہتے ہیں۔ اب جب ہم نماز کی پابندی کا ارادہ کریں گے یا اس کو معمول بنا ئیں گے تو باطل کسی نہ کسی طرح سے اللہ کے سامنے پیش ہونے سے اور یہاں سے ملتی طاقت سے محروم کرنے کی کوشش کر ے گا۔ اور رکاوٹ پیدا کر ے گا۔ہو سکتا ہے کہ روزانہ روٹین کے معاملات کا اتار چڑھاﺅ ایسا ہو جائے یا جسمانی بیماری کی صورت یا پھر لوگوں سے ملنے ملانے کے معاملات یا کوئی بھی ایسی صورت حال پیدا کر کے دِکھائے گا کہ ہم اس میں الجھ کر یا تو نماز ادا ہی نہ کر سکیں یا پھر نماز کو بہترین آداب کے ساتھ ادا نہ کر سکیں تاکہ باطل کے وار سے لڑنے کی طاقت ہی نہ رہے۔ اس طرح باطل حق کے راہی کی راہ کھوٹی کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ یہاں ہر صورت باطل کے وار کو پکڑ کر باطل کا منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ حق کے راہی کے لیے حق کی راہ پریہ پہلا قدم مضبوطی سے اٹھانا انتہائی ضروری ہے تاکہ بنیاد مضبوط رہے۔