باطل الرٹ4

باطل اور رہبر ورہنما

باطل ہمارے دِل میں حق کی راہ پر چلنے والے رہبرو رہنما کے کسی بھی معمو ل و معاملے ، فیصلے یا حکم پر خواہ مخواہ کوئی نہ کوئی اعتراض یا شکوہ شکایت دل میں اٹھائے گا۔ جب ہم کسی رہبر سے باقاعدہ رابطے میں ہوں تو ہمیں وہاں سے یقینا فیض کی پاور مل رہی ہو تی ہے۔ اور وہ زندگی جس میں باطل کے ہاتھو ں لمحہ لمحہ نقصان اٹھا تے ہوئے ہم تباہی کی طرف بڑھ رہے ہوتے ہیں اب رہبر کے ساتھ اور رہنمائی سے سنور رہی ہو تی ہے ۔یہ سب بلاشبہ سلسلے کے رہبر و رہنما کے ساتھ منسلک رہتے ہوئے ہونے لگتا ہے۔ جب ایسا ہونے لگتا ہے تو باطل یہ حق کی راہ پر بڑھتے قدم روکنے کے لیے ہمارے اندر حق کے رہنما و رہبر کے حوالے سے کوئی اعتراض، شکوہ یا وسوسہ ڈال دیتا ہے جس سے ہمارا یقین کمزور ہونے لگتا ہے۔ دل سے جب یقین کم ہونے لگے گا تو باطل ہمیں وہاں سے فیض کی روحانی پاور کو بھی صحیح طرح سے وصول نہیں کرنے دے گا۔ اور یوں ہمیں اپنے شکنجے میں اور زیادہ پھنسا ئے گا۔جب حق کی راہ پر اپنے رہنماسے ہمارا رابطہ مزید کمزور ہو گا تو آ گے بڑھنا نہ صرف دشوار ہو تا جائے گا بلکہ حق کی راہ سے قدم پلٹنے لگیں گے اور یہی باطل کی کامیابی ہو گی۔ کیونکہ اس کی چال ہے ہی یہ کہ وہ ہمارے اس رہبر و رہنما کے لیے ہی ایسے خیالات اور وسوسے ڈالے گا جو ہمیں بھلائی کی راہ پر آ گے لیے جا رہے ہوتے ہیں۔ باطل اس سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے یہ حربہ استعمال کرے گا تاکہ وہ ہا تھ ہمارے ہاتھ سے چھوٹ جائے۔ لہذا یقین کامل رکھتے ہوئے ایسے کسی بھی باطل احساس یا سوچ کے سارے راستے بند کر دیں تاکہ باطل کو حق کے راہی کی راہ روکنے کا کوئی موقع نہ ملے۔وہ سوائے افسوس کے کچھ نہ کر سکے۔