باطل الرٹ6
باطل اورہماری چستی
باطل ہمیں چست نہیں رہنے دیتا۔ ذرا سی جسمانی تکلیف کو بڑھا چڑھا کر دکھائے گا۔ اور آرام کا مشورہ دے گا۔ اب اگر ہم یہاں فوری الرٹ نہ ہوئے تو معاملہ بگڑ سکتا ہے۔ کیونکہ اگر ہم حق کی راہ کے سفر پرہیں تو یہاں باطل ہر طرح سے ہمارے سفر کی رفتار کو کم کرنے کی کوشش کر ے گا۔جس کاایک پہلو یہ ہے کہ ہمیں اچانک تھکن، بلاوجہ اعصابی کمزوری، کوئی معمولی تکلیف یا غیر ضروری ٹینشن پیدا ہو جائے گی وغیرہ وغیرہ ۔ اورہم اسی پریشانی میں ہی سارا دھیان لگا دیں گے اور ایسے میں چاہیں گے کہ کچھ آرام کیا جائے۔ اب یوں ہو گا کہ ذرا ہم مطمئن ہوئے تو باطل مزید سوچیں بیدار کرائے گا مثلاََ یہ کہ ہم تو لوگوںکو بھی حق کی راہ دکھا رہے ہیں اور اپنی ذات پر بھی کام کر رہے ہیں اس لیے اب آرام کرنے کا بھی حق بنتا ہے۔ یا ہم اپنے ہی سفر کے حوالے سے اچھا چل رہے ہوں تو لگے گا کہ اب اتنا اچھا سفر ہو رہا ہے تو کچھ ریلیکس ہوجائیں تھکن ہو رہی ہے۔ یہاں تک باطل ہمیں بہت پیار سے لائے گا اور ہمیں صرف تھوڑا ریلیکس ہونے پر ہی راضی کرائے گا ۔ اس لیے اب جیسے ہی ہم باطل کی بات مان کر ریلکس ہونے لگیں گے تو باطل ہم پر اور گہرا وار کر کے ہمار ی سوچوں کا رخ تھوڑا اور تبدیل کر ے گا ۔اور ہماری نظر ہماری تکلیف پر چلی جائے گی ۔اور ہو سکتا ہے کہ ہم ریلیکس ہو تے ہوتے باطل کے ہاتھوں مظلومیت میں ڈوبتے جائیں۔ اس طرح باطل حق کی راہ پر ہمارا سفر متاثر کرنے کی کوشش کر ے گا۔ایسی صورت حال میں پھنسنے سے خود کو بچائیں۔ اور باطل کے اس وار سے لڑتے ہوئے اپنا سفر تیز سے تیز کر تے ہوئے باطل کو پسپائی پر مجبور کر دیں۔ کیونکہ حق کی راہ کاچست راہی باطل کے ہر وار سے الرٹ رہتے ہوئے نہ صرف باطل سے لڑ کر اسے شکست دیتا ہے بلکہ تیزی سے اپنا سفر بھی جاری رکھتا ہے۔ حق کا راہی جانتا ہے کہ یہ دنیا عمل کی جگہ ہے۔ اور یہاں کا پل پل ہم نے عمل میں گزارنا ہے اور ایک بار آنکھیں بند ہونے پر ہی لمبا آرام کرنا ہے۔