فضائلِ مدینہ

حضرت سعد ؓ سے روایت ہے کہ نبی

اکرم ﷺ نے فرمایا جو شخص اہل ِ مدینہ سے مکر و فریب کرے یا جنگ کرے تو وہ اس طرح پگھل جائے گا جیسے کہ پانی میں نمک پگھلتا ہے۔
اور حضرت سعد بن وقاص ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو مدینہ منورہ والوں سے بُرائی کا ارادہ کرے گا خدا تعالیٰ اس کو دوزخ کی آگ میں (رانگا) کی طرح پگھلائے گا۔
اور حضرت سائب بن خلاد ؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس نے اہل ِ مدینہ کو اپنے ظلم سے خوفزدہ کیا خدا تعالیٰ اس کو خوف میں مبتلا کرے گا۔اور اس پر اللہ ، ملائکہ اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کی نہ فرض عبادت قبول کرے گا نہ نوافل ۔
ان احادیث ِ کریمہ سے معلوم ہوا کہ جو اہل مدینہ کو ڈرائے ، ان سے جنگ کرے اور ان پر ظلم ڈھائے بلکہ ان سے برائی کا ارادہ کرے تو خدائے تعالیٰ انہیں جہنم کی آگ میں (رانگا ) کی طرح پگھلائے گا اور اس پر اللہ تعالیٰ ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے اور اس کی کوئی عبادت چاہے وہ فرض ہو یا نفل خدائے تعالیٰ قبول نہیں فرمائے گا ۔