معرکہ حق و باطل کا آغاز

باطل کے تین خاص بڑے کھلاڑی
دنیا

نفس

شیطان

باطل اپنی فوج کی قیادت کرتا ہے اور اس کے تین اہم مہرے دنیا ، نفس اور شیطان اپنی چالیں چلتے ہیں۔انہی کے ذریعے وہ حملہ کرتا ہے اور حق والوں کو پسپا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ان مہروں کے ہاتھ میں بے شمار ہتھیار ہیں۔ باطل ان مہروں کے زریعے ہر ہتھیار کا وارحق والوں پر کرتا ہے تا کہ وہ راہ ہدایت سے ہٹ جائیں اورحق والوں کا محاذ اس کے خلاف کمزور پڑ جائے۔

انسان جیسے ہی اس دنیا میں آتا ہے تو باطل الرٹ ہو جا تا ہے اور اپنی فوج کے سب کھلاڑیوں کو بھی الرٹ کر دیتا ہے کہ جب اور جہاں موقع ملے اللہ کے بندے کو اپنے جال میں پھنسا لیں۔ اللہ نے انسان کو اپنی عبادت کے لیئے پیدا فرمایا۔ باطل انسان کو بندگی اور اطا عت سے محروم رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ انسان کی روح میں موجود حق کی آشنائی اور نیکی و بدی کا الہام اسے اللہ کی راہ پر چلنے پر مائل کرتا ہے اور باطل اسے اپنی جانب کھینچتا ہے۔یہیں سے حق و باطل کا معرکہ شروع ہو جاتا ہے۔جس نے حق اور حق والوں کو پکڑ کر رکھاوہ آخر دنیا سے سر خرو رخصت ہوتا ہے اور جس نے باطل کے سامنے ہتھیار ڈال دیے وہ اپنی دنیاوی اور اخروی نجات کی راہ خود کھوٹی کر لیتا ہے۔