اصحاب صفہ

مسجد کے ساتھ ایک سائبان تھا جو صفہ کہلاتا تھا۔ان میں فقراءمساکین اور جن اصحاب ؓ کے اہل و عیال یہاں نہیں رہا کرتے تھے، وہ رہا کرتے تھے۔ ان کی تعداد کم زیادہ ہوتی رہتی تھی۔ان میں بہت بڑے اصحاب جیسے ابو ذر غفاریؓ، عمار بن یاسرؓ، سلمان فارسیؓ، شعیب رومیؓ، حضرت بلال حبشیؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ جیسے اصحاب شامل تھے۔ اس کی تعداد سوتک بھی پہنچ جاتی تھی۔ مسجد کے ساتھ ازواج مطہرات کے لئے حجرے بھی بنائے گئے۔جن کے دروازوں پر کمبل کا پردہ پڑا رہتا تھا۔ حضرت فاطمہؓ کا دولت خانہ مسجد کی طرف تھا اور حضرت عائشہؓ کے حجرے سے متصل تھا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر مبارک ہے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفر سے واپس تشریف لاتے تو مسجد میں دو نفل ادا کرنے کے بعد حضرت فاطمہؓ کے ہاں تشریف لے جاتے اور پھر اس کے بعد ازواج مطہرات کے پاس تشریف لے جاتے۔