🌹ارکانِ اسلام (نماز)


💥نماز دین کا ستون :
نماز دین کا ستون ہے۔ مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کے عائد کردہ فرائض میں سب سے بڑا فریضہ نماز ہے۔ نماز کو دین کا ستون کہا گیا ہے۔
اور دین کے اس ستون کو منہدم کرنے والا اسلام کی پوری عمارت کو منہدم کرتا ہے۔

✨ حدیثِ مبارکہ میں ہے:
نماز دین کا ستون ہے، جس نے اس کو ترک کیا پس اس نے پورے دین کو منہدم کیا۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز کو دین کا مرکزی ستون قرار دیا ہے۔
جس طرح کوئی عمارت بغیر ستون کے قائم نہیں رہ سکتی اسی طرح دین کی عمارت اقامتِ صلوٰة کے بغیر قائم نہیں رہ سکتی۔
دین کی عمارت کو قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ بندہ نماز قائم کرے۔
دین کے اس اہم ستون کی اہمیت و فضیلت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآنِ مجید میں تقریباً سات سو مقامات پر نماز کا ذکر آیا ہے۔

✨درج ذیل آیاتِ مبارکہ میں نماز کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔

اور نماز قائم رکھو اور زکوٰة دیا کرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ (مل کر) رکوع کیا کرو۔
(سورةالبقرة: 43)

اے ایمان والو! صبر اور نماز کے ذریعے (مجھ سے) مدد چاہا کرو، یقینا اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ (ہوتا) ہے۔
(سورةالبقرة: 153)