💥 تیمم کے مسائل



▪1 وضو اور غسل دونوں کے تیمم کا ایک ہی طریقہ ہے۔

▪2. جس پر غسل فرض ہے اس کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وضو اور غسل دونوں کے لیے دو تیمم کرے بلکہ دونوں میں ایک ہی نیت کر لے دونوں ہو جائیں گے اور اگر صرف وضو کی نیت کی تو بھی کافی ہے۔

▪3 اگر اتنا آبِ زم زم شریف پاس ہے جو وضو کے لیے کافی ہے تو تیمم جائز نہیں۔

▪4 اگر کوئی ایسی جگہ ہے جہاں نہ پانی ملتا ہے نہ ہی تیمم کے لیے پاک مٹی تو اسے چاہیے کہ وقتِ نماز میں نماز کی سی صورت بنائے یعنی تمام حرکاتِ نماز بلا نیتِ نماز بجا لائے مگر پاک پانی یا مٹی پر قادر ہونے پر وضو یا تیمم کر کے نماز پڑھنی ہو گی۔

▪5 اگر سر سے نہانے میں پانی نقصان کرتا ہو تو گلے سے نہائیے اور پورے سر کا مسح کیجئیے۔

▪6 عورت نے اگر ناک میں نوز پِن پہنی ہو تو اس کے نیچے بھی ہاتھ مَس کرے ورنہ اس جگہ مسح نہیں ہو سکے گا۔

▪7 ہونٹوں کا وہ حصہ جو عادتاً منہ بند ہونے کی حالت میں دکھائی دیتا ہے اس پر مسح ہونا ضروی ہے۔ اگر منہ پر ہاتھ پھیرتے وقت کسی نے ہونٹوں کو زور سے دبا لیا کہ کچھ حصہ مسح ہونے سے رہ گیا تو تیمم نہیں ہو گا۔

▪8 اسی طرح زور سے آنکھیں بند کر لیں جب بھی نہ ہو گا۔

▪9 انگوٹھی، گھڑی وغیرہ پہنے ہوں تو اتار کر یا ہٹا کر ان کے نیچے ہاتھ پھیرنا فرض ہے۔ چوڑیاں وغیرہ ہٹا کر ان کے نیچے مسح کیجئیے۔ تیمم کی احتیاطیں وضو سے بڑھ کر ہیں۔

▪10۔ بیمار یا بےدست و پا خود تیمم نہیں کر سکتا تو کوئی دوسرا کروا دے۔ اس میں تیمم کروانے والے کی نیت کا اعتبار نہیں جس کو تیمم کروایا جا رہا ہے اس کو نیت کرنی ہو گی۔
💥 جن چیزوں سے تیمم کرنا جائز ہے وہ یہ ہیں:

▪1۔ پکی اینٹ، چینی یا مٹی کے برتن سے تیمم جائز ہے۔ ہاں اگر ان پر کسی ایسی چیز کا جِرم (یعنی جسم یا تہہ) ہو جو جنس زمین سے نہیں مثلاً کانچ کا جِرم ہو تو تیمم جائز نہیں۔

▪2۔ جس مٹی پتھر وغیرہ سے تیمم کیا جائے اس کا پاک ہونا ضروری ہے یعنی نہ اس پر کسی نجاست کا اثر ہو نہ یہ ہو کہ صرف خشک ہونے سے نجاست کا اثر جاتا رہا ہو۔ زمین، دیوار اور وہ گرد جو زمین پر پڑی رہتی ہے اگر ناپاک ہو جائے پھر دھوپ یا ہوا سے سوکھ جائے اور نجاست کا اثر ختم ہو جائے تو پاک ہے اور اس پر نماز جائز ہے مگر اس سے تیمم نہیں ہو سکتا۔ یہ وہم کہ کبھی نجِس ہوئی ہو گی، فضول ہے اس کا اعتبار نہیں۔

▪3۔ اگر کسی لکڑی، کپڑے یا دری وغیرہ پر اتنی گرد ہے کہ ہاتھ مارنے سے انگلیوں کا نشان بن جائے تو اس سے تیمم جائز ہے۔

▪4۔ چونا، مٹی یا اینٹوں کی دیوار خواہ گھر کی ہو یا مسجد کی اس سے تیمم جائز ہے۔ مگر اس پر آئل پینٹ، پلاسٹک پینٹ اور میٹ فنش یا وال پیپر وغیرہ کوئی ایسی چیز نہیں ہونی چاہیئے جو جنس زمین کے علاوہ ہو۔ دیوار پر ماربل ہو تو کوئی حرج نہیں۔