💥 زکوٰة ادا نہ کرنے کے نقصانات اور وعیدیں :


فریضہ زکوٰة کی ادائیگی پر جہاں مِن جانب اللہ انعامات و فوائد ہیں، وہاں اس فریضہ کی ادائیگی میں غفلت برتنے والوں کے لیے قرآنِ پاک اور احادیثِ مبارکہ میں وعیدیں بھی وارد ہوئی ہیں اور دنیا و آخرت میں ایسے شخص کے اوپر آنے والے وبال کا ذکر بکثرت کیا گیا ہے۔

ذیل میں ان میں سے کچھ ذکر کیے جارہے ہیں:

🌸آیاتِ قرآنی:

▪1۔ اور جو لوگ سونے چاندی کا خزانہ رکھتے ہیں اور اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے انہیں دردناک عذاب کی خبر پہنچا دیجئے ۔جس دن اس خزانے کو آتش دوزخ میں تپایا جائے گا پھر اس دن ان کی پیشانیاں اور پہلو اور پیٹھیں داغی جائیں گی ( ان سے کہا جائے گا ) یہ ہے جسے تم نے اپنے لئے خزانہ بنا رکھا تھا۔ پس اپنے خزانوں کا مزہ چکھو۔
(سورة توبہ:34-35)

▪2۔جنہیں اللہ تعالٰی نے اپنے فضل سے کچھ دے رکھا ہے وہ اس میں اپنی کنجوسی کو اپنے لئے بہتر خیال نہ کریں بلکہ وہ ان کے لئے نہایت بدتر ہے۔عنقریب قیامت والے دن انہیں (گلے میں) اس مال کا طوق پہنایا جا ئے گا۔
(سورة آل عمران:180)

🌸 احادیثِ مبارکہ:

▪1۔ ایسے شخص کا مال قیامت کے دن ایسے زہریلے ناگ کی شکل میں آئے گا جس کے سر کے بال جھڑ چکے ہوں گے اور اس کی آنکھوں کے اوپر دو سفید نقطے ہوں گے۔ پھر وہ سانپ اس کے گلے کا طوق بنا دیا جائے گا، پھر وہ اس کی دونوں باچھیں پکڑے گا (اور کاٹے گا) اور کہے گا کہ میں تیرا مال ہوں، میں تیرا جمع کیا ہوا خزانہ ہوں۔
(صحیح البخاری)

▪2۔ مرتے وقت ایسا شخص زکوٰة ادا کرنے کی تمنا کرے گا، لیکن اس کے لیے سوائے حسرت کے اور کچھ نہ ہو گا۔
( صحیح البخاری)

▪3۔ ایسے شخص کے لیے آگ کی چٹانیں بچھائی جائیں گی اور ان سے ایسے شخص کے پہلو، پیشانی اور سینہ کو داغا جائے گا۔
(صحیح مسلم)

▪4۔ ایسے افراد کو جہنم میں ضریع، زقوم، گرم پتھر، اور کانٹے دار اور بدبو دار درخت کھانے پڑیں گے۔
(دلائل النبوة للبیہقی)

▪5۔ایسے افراد سے قیامت کے دن حساب کتاب لینے میں بہت زیادہ سختی کی جائے گی۔
(مجمع الزوائد، کتاب الزکوٰة)

▪6۔ جب لوگ زکوٰة روک لیتے ہیں تو اس کے بدلے اللہ تعالیٰ ان سے بارشیں روک لیتا ہے۔
(المستدرک للحاکم)

▪7۔ جب کوئی قوم زکوٰة روک لیتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس قوم کو قحط سالی میں مبتلا کر دیتا ہے۔
(المعجم الاوسط للطبرانی)