User Tag List

Results 1 to 1 of 1

Thread: روزے کی فضیلت

  1. #1
    Administrator
    Join Date
    Feb 2017
    Posts
    1,587
    Thanked: 5
    Mentioned
    0 Post(s)
    Tagged
    0 Thread(s)

    روزے کی فضیلت

    💥 روزے کی فضیلت:

    رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اندر لامحدود اور ان گنت رحمتیں سموئے ہوئے آتا ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں۔ مسلمانوں کے لئے یہ ماہِ مقدس نیکیوں کی موسلا دھار بارشیں برساتا ہے اور ہر مسلمان اس ماہِ مبارک میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ رمضان کا مہینہ باقی مہینوں کا سردار ہے اور بے پناہ فضیلت کا باعث ہے۔
    قرآن و حدیث میں ماہِ صیام کے بارے روزے داروں کو بہت زیادہ فضائل و برکات کی نویدیں سنائی گئی ہیں، جن میں سے چند ایک کا بیان ذیل میں ہے:

    🌸قرآنِ کریم کی روشنی میں:
    قرآن مجید میں خالقِ ارض وسماء نے ارشاد فرمایا:
    اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کر دئیے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاﺅ۔
    (سورة البقرة: 183)

    🍃 تم میں سے جو اس مہینہ کو پائے وہ اس کے روزے رکھے۔
    (سورة البقرہ:185)

    🌸 حدیث کی روشنی میں:

    🍃حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
    جس نے ایمان کے جذبے سے اور طلبِ ثواب کی نیت سے رمضان کا روزہ رکھا، اس کے گزشتہ گناہوں کی بخشش ہوگئی۔
    (بخاری و مسلم، مشکوٰة)

    🍃 حضرت عمر بن خطابؓ سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد نقل کیا گیا ہے کہ:
    رمضان میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے والا بخشا جاتا ہے اور اس مہینے میں اللہ تعالیٰ سے مانگنے والا بے مراد نہیں رہتا۔
    (الطبرانی)

    🍃 حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
    جب رمضان داخل ہوتا ہے تو آسمان کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
    (ایک روایت میں ہے کہ
    جنت کے دروازے اور ایک اور روایت میں ہے کہ رحمت کے دروازے کھل جاتے ہیں) اور جہنم کے دروازے بند ہوجاتے ہیں اور شیاطین پابندِ سلاسل کردئیے جاتے ہیں
    (بخاری و مسلم)

    🍃 جنت (کے آٹھ دروازوں میں سے) ایک دروازے کا نام رَیّان ہے جس سے قیامت کے دن صرف روزے دار داخل ہوں گے۔ ان کے علاوہ اس دروازے سے کوئی داخل نہیں ہوگا۔ کہا جائے گا روزے دار کہاں ہیں؟ تو وہ کھڑے ہو جائیں گے اور (جنت میں داخل ہوں گے) ان کے علاوہ کوئی اس دروازے سے داخل نہیں ہوگا۔ جب وہ داخل ہو جائیں گے تو وہ دروازہ بند کر دیا جائے گا اور کوئی اس سے داخل نہیں ہو گا۔
    (بخاری و مسلم)

    🍃 جس نے اللہ تعالیٰ کے راستے میں ایک دن روزہ رکھا تو اللہ تعالیٰ اس کے چہرے کو جہنم سے ستر سال (کی مسافت کے قریب) دور کر دیتا ہے۔
    (بخاری و مسلم)

    🍃حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
    ابنِ آدم کا ہر عمل اس کے لئے کئی گنا بڑھایا جاتا ہے یہاں تک کہ ایک نیکی دس گنا تک اور دس گنا سے سات سو گنا تک بڑھائی جاتی ہے لیکن اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ روزے کا معاملہ اس سے جدا ہے کیوں کہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا۔ روزہ دار اپنی شہوتِ نفس اور اپنے کھانے پینے کو میرے لئے چھوڑتا ہے۔ روزہ دار کے لئے دو فرحتیں ہیں۔ ایک فرحت افطار کے وقت کی اور دوسری فرحت اپنے رب سے ملاقات کے وقت کی۔ اور روزہ دار کے منہ کی بساند (بو) اللہ تعالیٰ کو مشک کی خوشبو سے زیادہ پسند ہے۔ اور روزے ڈھال ہیں۔ پس جب کوئی شخص تم میں سے روزے سے ہو تو اسے چاہئیے کہ نہ اس میں بدکلامی کرے اور نہ دنگا فساد کرے۔اگر کوئی شخص اس سے گالی گلوچ کرے یا لڑے تو وہ اس سے کہہ دے کہ بھائی میں روزے سے ہوں۔
    (متفق علیہ)
    Last edited by Admin-2; 03-10-2019 at 04:00 PM.

Posting Permissions

  • You may not post new threads
  • You may not post replies
  • You may not post attachments
  • You may not edit your posts
  •