🌹 نمازِ چاشت:

چاشت کی نماز کا وقت سورج میں تیزی آنے کے بعد سے زوالِ آفتاب تک ہے، جب سورج سر پر آ جائے۔

💥نمازِ چاشت میں کل رکعتیں:

نمازِ چاشت کی بھی چار رکعتیں ہیں، اگرچہ بعض احادیث میں آٹھ اور بارہ رکعتوں کا بھی ذکر ملتا ہے۔ اس لیے ان اوقات میں اللہ تعالیٰ جتنی توفیق دے نفل نماز ادا کر لیں۔ چار رکعت نمازِ چاشت سنتِ غیر مؤکدہ کی طرح پڑھی جاتی ہے۔

💥نمازِ چاشت کی فضیلت:

اس نماز کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے، حدیث پاک میں آتا ہے:

▪1۔ حضرت ابو ہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
جس نے چاشت کی دو رکعت پر مداومت کی۔ اس کے گناہ چاہے سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں معاف کر دیئے جاتے ہیں۔
(سنن ابن ماجہ)

▪2۔ ایک دوسری حدیث پاک میں ارشاد فرمایا گیا ہے کہ جس نے چاشت کی بارہ رکعتیں پڑھیں اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں سونے کا محل بنائے گا-
(ترمذی شریف)

▪3۔ حضرت ابو ذر غفاری ؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

ہر صحیح سالم جوڑ یا ہڈی کے عوض ہر روز صبح کو تم پر صدقہ واجب ہوتا ہے۔ سُبحَانَ اللہ کہنا صدقہ ہے۔ الحَمدُللہ کہنا صدقہ ہے۔ لا اِلہ اِلا اللہ کہنا صدقہ ہے۔ اللہ اکبر کہنا صدقہ ہے۔ نیکی کا حکم دینا صدقہ ہے، برائی سے روکنا صدقہ ہے اور ان سب کے لئے وہ دو رکعتیں کافی ہوجاتی ہیں جنھیں کوئی چاشت کے وقت پڑھتا ہے۔
(مسلم شریف)

▪4۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم اشراق کی چار رکعت نماز پڑھتے تھے اور کبھی زیادہ بھی پڑھتے تھے۔
(مسلم شریف)