🌹 صلوٰة تسبیح:

حضورِ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے چچا حضرت عباسؓ کو اس نماز کی ترغیب فرمائی۔ اس نماز کے پڑھنے سے اللہ تعالیٰ پڑھنے والے کے اگلے پچھلے، نئے پرانے، غلطی سے اور جان بوجھ کر کیے ہوئے چھوٹے بڑے ، ظاہری اور پوشیدہ سب گناہ بخش دے گا۔

حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عباسؓ کو فرمایا کہ
اگر ہر روز ایک بار پڑھ سکیں تو ہر روز پڑھ لیں۔ اور اگر ہر روز نہیں پڑھ سکیں تو ہر جمعہ میں ایک مرتبہ پڑھ لیں۔ اور اگر ہر جمعہ میں بھی نہیں پڑھ سکیں تو ہر مہینہ میں ایک بار پڑھ لیں۔ اور اگر یہ بھی نہ کر سکیں تو ہر سال میں ایک مرتبہ پڑھ لیں۔ اور اگر یہ بھی نہ کر سکیں تو تمام عمر میں ایک دفعہ پڑھ لیں۔
(ابوداوؤ د، ابنِ حبان، حاکم، ابنِ ماجہ)

💥تسبیحِ نماز:

✨سُبحَانَ اللّٰہِ وَالحَمدُ لِلّٰہِ وَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ُ وَاللّٰہُ اَکبَر✨

🌟صلوٰةِ تسبیح پڑھنے کا طریقہ:

(صلوٰةِ تسبیح پڑھنے کا طریقہ سنتِ غیر مؤکدہ کی طرح ہے۔)

▪1۔ چار رکعت صلوٰةِ تسبیح کی نیت سے چار رکعت ایک سلام سے پڑھیں۔

▪2۔ ثناء پڑھنے کے بعد مذکورہ تسبیح 15 مرتبہ پڑھیں۔

▪3۔ اب تعوذ، تسمیہ، سورة فاتحہ اور کوئی چھوٹی سورة ساتھ ملانے کے بعد یہی تسبیح 10 بار پھر پڑھیں۔

▪4۔پھر تکبیر یعنی اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جائیں۔ رکوع میں سبحانَ ربی العظیم کم از کم تین بار پڑھنے کے بعد رکوع میں ہی 10بار یہی تسبیح پڑھیں۔

▪5۔ اب رکوع سے کھڑے ہوتے ہوئے تسمیع اور اس کے بعد سیدھا کھڑے ہو کر تحمید کہہ لینے کے بعد قومہ میں ہی 10 بار یہی تسبیح پڑھیں۔

▪6۔ سجدہ میں سبحان ربی الاعلیٰ کم از کم تین بار پڑھنے کے بعد 10 بار سجدے میں ہی یہی تسبیح پڑھیں۔

▪7 پھر جلسہ میں (یعنی دو سجدوں کے درمیان جو بیٹھا جاتا ہے اس کو جلسہ کہا جاتا ہے) یہ تسبیح 10 بار پڑھیں۔

▪8 پھر دوسرے سجدے میں پہلے سجدے کی طرح یہاں بھی یہ تسبیح 10 بار پڑھیں۔

▪9۔ دوسری رکعت کے قیام میں تسمیہ اور سورة فاتحہ سے پہلے یہ تسبیح 15 مرتبہ پڑھیں۔ پھر تسمیہ، سورة فاتحہ اور کوئی چھوٹی سورة ملا لینے کے بعد رکوع سے پہلے دس بار یہ تسبیح پڑھیں۔ پھر اسی طرح سے رکوع، قومہ، پہلے سجدہ، جلسہ اور دوسرے سجدہ میں دس دس مرتبہ یہی تسبیح پڑھیں۔

▪10 دوسری رکعت کے دوسرے سجدے کے بعد قعدہ اولیٰ میں التحیات، درودِپاک، اور دعا پڑھنے کے بعد تیسری رکعت کے لئیے کھڑے ہو جائیں(سلام نہ پھیریں)۔

▪11تیسری رکعت، پہلی رکعت کی طرح ہی پڑھی جائے گی۔ یعنی ثناء سے شروع ہو گی۔ باقی تمام نماز اسی طرح پڑھیں جیسے کہ اوپر بتایا گیا ہے اور چوتھی رکعت دوسری رکعت کی طرح پڑھیں۔ چوتھی رکعت کے دوسرے سجدے کے بعد قعدۂ اخیرہ میں التحیات، درود، اور دعا پڑھنے کے بعد سلام پھیر دیں۔