🌹غسل:



💥غسل کے فرائض :

غسل کے تین فرائض ہیں:

▪1 حلق تک خوب پانی سے منہ بھر کر کلی کرنا۔

▪2۔ ناک میں سانس کے ساتھ پانی چڑھانا، جہاں تک نرم جگہ ہے۔

▪3۔ تمام بدن پر ایک بار پانی بہانا۔

💥 غسل کی سنتیں:

غسل کی مندرجہ ذیل سنتیں ہیں:

▪1 غسل کی نیت کرنا۔

▪2 اولًا ظاہری ناپاکی دور کرنا، استنجا کرنا۔

▪3 وضو کرنا۔

▪4 بدن کو مَلنا۔

▪5 سارے بدن پر تین بار پانی بہانا۔

💥 غسل کا طریقہ:

▪1۔ باتھ روم میں داخل ہونے سے پہلے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھیں اور بسم اللہ پڑھنے کے بعد الٹا قدم باتھ روم کے اندر رکھیں۔ باتھ روم میں داخل ہونے کے بعد کوئی کلام نہ کریں (جیسے کہا جاتا ہے کہ اندر نہاتے ہوئے کلمہ پڑھیں گے تو پاک ہوں گے تو یہ بات درست نہیں ہے)۔

▪2 باتھ روم میں کپڑے پہنے یا اتارے ہوئے ہوں دونوں صورتوں میں کلام کرنا مناسب نہیں کیونکہ یہ مکروہ عمل ہے (صرف انتہائی مجبوری میں بات کی جا سکتی ہے)۔

▪3 جب ستر کھلا ہوا ہو تو اس بات کی احتیاط کریں کہ نہ تو کعبتہ اللہ کی طرف رخ ہو اور نہ ہی اس طرف پیٹھ ہو۔ اسطرح کعبتہ اللہ کی طرف پیٹھ یا رخ کرنا مکروہ ہے۔

▪4 زبان سے بولے بغیر صرف دل سے غسل کی نیت کریں کہ نماز کے قابل ہونے کے لیئے غسل کر رہا ہوں۔ یا جسم کی پاکی کے لیے غسل کر رہا ہوں، یا جنابت کو دور کرنے کے لیے اللہ کے حکم پر عمل پیرا ہونے کے لیئے غسل کر رہا ہوں۔
(جب غسل کے دوران دل میں بغیر بولے نیت کر لی جاتی ہے تو یہ نیت کرنا نہانے کو عبادت میں شامل کر لیتا ہے۔ اسطرح جو بھی طہارت پانے کے لیے غسل کرے تو نیت کر لے تو وہ غسل کے دوران عبادت کا ثواب پائے گا۔ نیت کیے بغیر جسم پاک تو ہو جائے گا لیکن نہانے کا ثواب نہیں ملے گا)۔

▪5 نیت کے بعد اپنے دونوں ہاتھوں کو گِٹوں تک دھوئیں۔

▪6 اگر جسم پر کوئی نجاست لگی ہوئی ہو تو اسے بائیں ہاتھ سے دھو کر دور کریں۔

▪7 پھر استنجا کریں۔

▪8 اس کے بعد نماز کی طرح مکمل وضو کر لیں۔ اس وضو کے اندر غسل کے پہلے دو فرائض بھی پورے ہو جائیں گے۔ یعنی کلی کرنا اور اس طرح کلی کرنا کہ اس میں غر غرا بھی ہو اور دوسرا فرض ناک میں پانی چڑھانا اور ناک میں پانی اسطرح سے چڑھایا جائے گا کہ سانس کے ذریعے سے پانی کو اندر کھینچا جائے کہ نرم حصے تک پانی پہنچ جائے۔

▪9 وضو کرنے کے بعد پورے جسم پر تیل کی طرح پانی کو مل لیا جائے۔

▪10دائیں کندھے سے تین بار پانی بہائیں پھر بائیں کندھے سے تین بار پانی بہائیں۔

▪11 اس کے بعد سر پر اور پھر دھڑ پر تین مرتبہ پانی بہائیں اور پانی بہاتے ہوئے جسم کو ملتے جانا بھی سنتِ کریمہ ہے۔ (ضرورت کے مطابق صابن کا استعمال کیا جائے).

💫یہ سنت کے مطابق غسل کا طریقہ ہے۔