🌹 سجدۂ تلاوتِ قرآن:


تلاوت کے معنی قرآنِ پاک پڑھنے کے ہیں۔ قرآنِ پاک میں چودہ مقامات ایسے ہیں جن کے پڑھنے یا پڑھتے ہوئے سننے سے سجدۂِ تلاوت کرنا واجب ہو جاتا ہے۔

💥 سجدۂ تلاوت کرنے کے لیے شرائط:

اس سجدے کے ادا کرنے کے لیے بھی وہی شرائط ہیں جو نماز کی ہیں یعنی:
▪ بدن کا پاک ہونا
▪ کپڑوں کا پاک ہونا
▪ جگہ کا پاک ہونا
▪قبلہ رخ ہونا
▪ ستر کا چھپا ہوا ہونا

💥 سجدہ تلاوت کے مسائل:

▪1 قرآن مجید میں سجدہِ تلاوت کی تعداد 14 ہے۔
سورة اعراف کے آخر میں، سورة رعد، سورة النحل، سورة بنی اسرائیل، سورة مریم میں، سورة حج کا پہلا سجدہ، سورة الفرقان، سورة النحل، سورة الم تنزیل، سورة ص، سورة حم سجدہ، سورة النجم، سورة الانشقاق اور سورة العلق میں سجدے ہیں۔

▪2 ان 14 مقامات پر پڑھنے اور سننے والے دونوں پر سجدہ واجب ہے چاہے سننے کا ارادہ ہو یا نہ ہو۔

▪3 جب امام آیتِ سجدہ تلاوت کرے تو امام و مقتدی ایک ساتھ سجدہ کریں۔

▪4 اگر مقتدی سجدے کی آیت تلاوت کرے تو امام اور مقتدی پر سجدہ لازم نہیں۔

▪5 آیتِ سجدہ اگر ایسا شخص تلاوت کرے جو نماز میں شامل نہیں تو نماز میں سجدہ نہ کیا جائے بلکہ نماز کے بعد سجدہ ادا کیا جائے اگر نماز ہی میں سجدہ کریں تو جائز نہ ہو گا لیکن نماز بھی نہ ٹوٹے گی۔

▪6 اگر کوئی آدمی نماز سے باہر سجدہ تلاوت کرے اور سجدہ نہ کرے پھر وہی آیت نماز میں پڑھے اور سجدہ کر لے تو دونوں تلاوتوں کے سجدے ادا ہو گئے۔

▪7 اگر نماز سے باہر آیت سجدہ پڑھی اور سجدہ بھی کر لیا پھر نماز میں داخل ہو کر وہی آیت تلاوت کی تو دوبارہ سجدہ کرنا ہو گا۔ پہلا سجدہ اس کے لیے کافی نہ ہو گا۔

▪8 جب کوئی شخص ایک ہی آیتِ سجدہ بار بار ایک ہی مجلس میں تلاوت کرے تو ایک ہی سجدہ سب کے لیے کافی ہو گا۔

▪9 جمعہ اور عیدین کی نمازوں میں سجدہ کی آیت نہیں پڑھنی چاہیے۔

▪10 کوئی عورت حیض و نفاس کی حالت میں سجدے کی آیت سنے تو اس پر سجدہ واجب نہ ہو گا۔ لیکن اگر ایسی حالت میں آیت سنی کہ حیض و نفاس بند ہو چکا تو اس کے نہانے کے بعد سجدہ ضروری ہے۔

▪11۔ سجدہ کے آیت لکھنے یا ہجے کرنے سے سجدہ واجب نہیں ہوتا۔

▪12۔ ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے سجدے کی آیت کو بار بار پڑھیں تو ایک ہی بار سجدہ واجب ہے۔ اور ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے سجدے کی آیت پڑھی پھر اٹھ کر کسی کام سے چلے گئے اور دوبارہ آ کر پہلی جگہ پر بیٹھ گئے اور وہی آیت پڑھی تو دوسرا سجدہ کریں۔ ایسے ہی ایک مرتبہ سجدہ کی آیت پڑھی اور اس کے بعد کھانے پینے یا کسی اور کام میں مصروف ہو گئے اور پھر فارغ ہونے کے بعد وہی آیت پڑھی تو دو سجدے کرنے ہوں گے۔

▪13۔ اگر پڑھنے والے نے جگہ نہیں بدلی اور ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے سجدے کی آیت پڑھی اور سننے والے نے جگہ بدلی تو سننے والا جتنی مرتبہ جگہ بدلے گا اتنے ہی سجدے اس پر واجب ہوں گے۔

▪14۔ جو سجدے والی آیت پڑھے یا سنے گا تو اسی پر سجدہ کرنا واجب ہو گا۔ کوئی اور یہ سجدہ ادا نہیں کر سکتا۔ جو دستور ہے کہ ختمِ قرآن پر کسی ایک کو چودہ سجدے کرنے کو کہہ دیا جاتا ہے تو یہ غلط ہے۔




💥 سجدہ تلاوت کرنے کا طریقہ:

سجدہ تلاوت کی ادائیگی کی صورت یہ ہو گی کہ ہاتھ نہ اٹھائے صرف تکبیر کہہ کر سجدہ میں چلا جائے اور سجدہ کی تسبیح پڑھے پھر تکبیر کہہ کر سر اٹھائے نہ اس میں التحیات پڑھنا ہے نہ سلام پھیرنا ہے۔ اسی طرح جتنے سجدۂِ تلاوت کرنا ہوں گے۔ تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں جائے اور تکبیر کہتا ہوا سجدے سے اٹھ جائے۔

✨کھڑے ہو کر تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں جانا اور سجدے سے اٹھ کر تکبیر کہتے ہوئے کھڑے ہو جانا، بیٹھ کر سجدۂ تلاوت کرنے سے افضل ہے۔