: غصہ سے متعلق احادیثِ مبارکہ:



🌷 اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بنو قیس کے ایک شخص سے فرمایا:
تمہارے اندر دو ایسی عادتیں ہیں جنہیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پسند کرتے ہیں، بردباری اور سنجیدگی۔
(صحیح مسلم بروایت ابن عباسؓ)

( بردباری یعنی غصہ کی حالت میں انتقام کی طاقت کے باوجود صبر سے کام لینا۔)

🌷 ایک صحابی نے سوال کیا:
اے اللہ کے رسول مجھے کوئی ایسا عمل بتلائیے کہ اس پر عمل کر لوں تو مجھے جنت مل جائے،
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
غصہ نہ کرو تمہیں جنت میں داخلہ مل جائے گا۔
(الطبرانی الاوسط: بروایت ابوداؤد)

🌷 ایک شخص نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال کرتا ہے کہ وہ کونسا عمل ہے جو مجھے اللہ کے غضب سے محفوظ رکھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
تم غصہ نہ کرو۔ (اللہ تعالی تم پر بھی غصہ نہ ہو گا)۔
(مسند احمد بروایت عبداللہ بن عمروؓ)

🌷 حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
بہادر وہ نہیں جو پہلوان ہو اور دوسرے کو پچھاڑ دے بلکہ بہادر وہ ہے جو غصہ کے وقت خود کو قابو میں رکھے۔
(بخاری)