🔥 فحش گوئی سے بچنے کے طریقے:


💫 فحش گوئی سے بچنے کا طریقہ یہی ہے کہ سب سے پہلے وہ سبب معلوم کیا جائے جس کی بنا پر بدگوئی کی جا رہی ہے اور پھر اس سبب کے مطابق علاج کیا جائے۔ مثال کے طور پر اگر فحش گوئی کا سبب غصہ ہے تو اس پر قابو پایا جائے، اگر سبب بہت زیادہ بولنا ہے تو کم بولنے کی مشق کی جائے وغیرہ۔ اس کے علاوہ بد گوئی سے بچنے کی درج ذیل تجاویز پر بھی عمل کیا جائے۔

✨1. بولنے سے پہلے سوچا جائے۔ اور جب آپ کسی دوسرے شخص کے منہ پر اس کی برائی بیان کر رہے ہوں اور گالی گلوچ کر رہے ہوں، تو اطمینان کر لیجیے کہ کیا آپ کا یہ رویہ مخاطب کو بِلا جواز اذیت تو نہیں پہنچا رہا۔

✨2. لوگوں کے عیوب پر بِلا ضرورت نظر نہ ڈالی جائے اور ان کی پردہ پوشی کی جائے ۔ اسی طرح لوگوں کے بارے میں اچھا سوچنے اور اچھا بولنے کی عادت ڈالی جائے۔

✨3. حسد پر قابو پایا جائے اور محسود (جس سے حسد کیا جائے) کے حق میں دعائے خیر کی عادت ڈالی جائے۔

✨4. نفرت، کینہ، غصہ اور دیگر اخلاقی آفات پر نظر رکھی جائے اور انہیں اپنی شخصیت اور نفسیات کا حصہ بننے سے روکا جائے۔

✨5. فحش گوئی و بدکلامی ہو جانے کی صورت میں اس کا فوری مداوا کیا جائے۔ سب سے پہلے تو توبہ کی جائے اور پھر اگر ممکن ہو تو اس شخص سے معافی مانگی جائے یا اس کے ساتھ خصوصی برتاؤ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی اپنے لیے جرمانے کا نظام نافذ کیا جائے مثلاً اس شخص کو تحفہ دیا جائے، اس کی دعوت کی جائے یا اس کے ساتھ کوئی خصوصی برتاؤ کیا جائے تاکہ اس احسان کی وجہ سے بد گوئی جیسا گناہ دھل جائے۔

✨ 6. فحش گوئی کرنے سے قبل ایک لمحے کے لئے خود کو دوسرے کی جگہ پر رکھ کر سوچ لیں کہ اگر میرے ساتھ اس طرح کا ناذیبا سلوک کیا جاتا تو کیا مجھے اچھا لگتا؟

✨7. یہ تصور راسخ کیا جائے کہ بدگوئی کرنے سے نہ صرف ہمارے دنیوی تعلقات متاثر ہوتے ہیں بلکہ آخرت میں بھی ہماری نیکیاں دوسرے کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجاتی ہیں۔

✨8. فحش الفاظ استعمال کرنے سے پہلے ہمیشہ یہ سوچ لیا جائے کہ اس کا مقصد اور نتیجہ صرف نفس کی لذت پانا اور کس حد تک منفی اثرات کا حامل ہو سکتا ہے۔ یہ احساس ہی اس برائی سے روکنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔