🔥 فضول خرچی کی صورتیں:



فضول خرچی کی دو شکلیں ہو سکتی ہیں:

✨الف. مال و دولت خرچ کرنے میں فضول خرچی۔
✨ب. دیگر معاملات میں فضول خرچی۔


💥 الف. مال و دولت خرچ کرنے میں فضول خرچی:

فضول خرچی کی سب سے نمایاں صورت یہی ہے کہ مال و دولت کو حد سے زیادہ خرچ کیا جائَے۔ اس کی درج ذیل صورتیں ہو سکتی ہیں۔

🍁 1. کھانے پینے میں فضول خرچی:
• اسکی پہلی شکل تو یہ ہے کہ حد سے زیادہ کھانا کھا لیا جائے، جو پسند آئے وہ چیز وقت بے وقت ہڑپ کر لی جائے۔

• دوسری صورت یہ ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں کو ضائع کیا جائے۔ جیسے ضرورت سے زیادہ پلیٹ بھر لینا اور پھر کھانا بچا کر چھوڑ دینا وغیرہ۔

• تیسری صورت یہ ہے کہ غیر ضروری طور پر انتہائی مہنگے کھانے یا مشروبات کو استعمال کرنا۔

🍁 2. ملبوسات میں فضول خرچی:
لباس کا بنیادی مقصد تن کو ڈھانپ کر پردہ پوشی کرنا اور خود کو موسمی اثرات سے بچانا ہے۔ جبکہ اس کا ثانوی مقصد آرائش و زیبائش ہے۔ چنانچہ ملبوسات کو زندگی کا محور بنانے سے بھی فضول خرچی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
اس ضمن میں ہمارے معاشرے میں خواتین بالخصوص اس فضول خرچی کی زیادہ مرتکب ہوتی ہیں۔ چنانچہ ضرورت نہ ہونے کے باوجود برانڈڈ کپڑے پہننا، غیر ضروری طور پر ڈھیروں ملبوسات خرید لینا یا لباس کو ایک مرتبہ ہی استعمال کر دینے کے بعد پھینک دینا وغیرہ اس کی چند صورتیں ہیں۔

🍁 3. آرائش و زیبائش میں فضول خرچی:
اس میں جسم اور چہرے کی آرائش بھی شامل ہے اور مکان، دکان، سواری یا ملبوسات کی زیبائش بھی۔ ایک حد سے زیادہ آرائش بھی فضول خرچی کا ایک سبب ہے۔ بیوٹی پارلر میں حد سے زیادہ پیسے خرچ کرنا، جیولری میں پیسے لٹانا، فیشن کے نام پر بےتحاشا رقم خرچ کرنا وغیرہ اس قبیل(قبیلے) کے معمولات ہیں۔

🍁 4. رہائش میں فضول خرچی :
رہائش یا انوسٹمنٹ کے مقصد کے علاوہ لیا ہوا مکان بھی فضول خرچی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔ مکان کے رقبے کا ضرورت سے زیادہ ہونا یا اس پر رنگ و روغن اور دیگر امور میں ایک حد سے زیادہ پیسہ خرچ کرنا فضول خرچی کا سبب بن سکتا ہے۔ البتہ بہتر کوالٹی اور اچھے معیار زندگی کے لئے کیا گیا خرچہ فضول خرچی نہیں۔

🍁 5. سواری میں فضول خرچی:
اس میں بِلا ضرورت ایک سے زائد گاڑی رکھنا، گاڑی کی آرائش پر بے تحاشہ خرچ کرنا، بلا ضرورت نئے ماڈل کی کار کو خریدنا وغیرہ فضول خرچی میں شامل ہیں۔

🍁 6. اشیاء کی خریداری میں فضول خرچی:
ان کے علاوہ بے شمار اشیاء و خدمات ایسی ہو سکتی ہیں جن کے استعمال میں فضول خرچی کا خدشہ موجود ہے۔ ان میں مہنگے موبائل فون، گھڑیاں، جوتے، پرفیوم وغیرہ شامل ہیں۔


💥ب. دیگر معاملات میں فضول خرچی:

فضول خرچی کی بنیادی شکل تو یہی ہے کہ مال و دولت کو ایک خاص حد سے زیادہ خرچ کیا جائے۔ لیکن فضول خرچی کا اطلاق کسی بھی استعمال ہونے والی اشیاء، خدمات یا وسائل پر ہو سکتا ہے۔ ان میں سے چند اہم صورتیں درج ذیل ہیں۔

🍂 1. وقت کے استعمال میں فضول خرچی:
وقت بعض مواقع پر دولت سے بھی زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ چنانچہ وقت برباد کرنا، ہر وقت ٹی وی دیکھتے رہنا، سوتے رہنا، کھیل کود میں قیمتی وقت لگانا وغیرہ سب اس میں شامل ہیں۔ چنانچہ وقت کو بِلا کسی مقصد کے ضائع کرنا فضول خرچی ہے۔

🍂 2 . پانی اور دیگر قدرتی وسائل کے استعمال میں فضول خرچی:
یہ ایسا پہلو ہے جس سے لوگ بالعموم معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ بدن یا اشیاء کی صفائی کے دوران پانی کو بہتا چھوڑ دینا، بلا ضرورت لائٹیں جلا کر رکھنا، گیس کے استعمال میں بے احتیاطی اختیار کرنا وغیرہ اسی قبیلے کے امور ہیں۔