🔥 کینہ کے اسباب:


💫 کینہ کے درج ذیل اسباب ہیں:

⚡1. غصہ:

احیاء العلوم اور دیگر کئی کتب میں ہے کہ کینہ غصے کی کوکھ سے جنم لیتا ہے۔ وہ اس طرح کہ جب کوئی شخص غصے سے مَغْلُوب ہو کر کسی کو نقصان پہنچاتا ہے تو سامنے والا بھی اپنا رَدِّعمل دیتا ہے۔ یوں مسلسل عمل اور رَدِّ عمل کے نتیجے میں دلوں میں بُغْض و کینہ اپنی جگہ بنا لیتا ہے۔

💥 غُصّہ پینے والے کیلئے جنتی حُور:

✨ رسولِ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:
جس نے غُصّے کو ضبط کر لیا حالانکہ وہ اسے نافذ کرنے پر قادر تھا تو اللہ بروزِ قِیامت اُس کو تمام مخلوق کے سامنے بلائے گا اور اِختیار دے گا کہ جس حُور کو چاہے لے لے۔
(سنن ابی داؤد)


⚡2. بدگُمانی:

کسی کے بارے میں بدگمانی کرنے سے بھی کینہ پیدا ہونا ممکن ہے۔

✨ حضرت علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی رحمۃُ اللہ علیہ عورتوں کو یہ نصیحت دیتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:
گھر کے اندر ساس، نندیں یا جیٹھانی، دیورانی یا کوئی دوسری عورتیں آپس میں چپکے چپکے باتیں کر رہی ہوں تو عورت کو چاہیے کہ ایسے وَقْت میں ان کے قریب نہ جائے اور نہ یہ جُستجو کرے کہ وہ آپس میں کیا باتیں کر رہی ہیں اور بلاوجہ یہ بدگمانی بھی نہ کرے کہ کچھ میرے ہی متعلق باتیں کر رہی ہوں گی کہ اس سے خواہ مخواہ دل میں ایک دوسرے کی طرف سے کینہ پیدا ہو جاتا ہے جو بہت بڑا گناہ ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے فساد ہونے کا سبب بن جایا کرتا ہے۔
(جنتی زیور)

⚡3. شراب نوشی اور جُوا:

شراب پینے اور جُوا کھیلنے جیسے حرام و جہنم میں لے جانے والے کام سے کوسوں دور رہیئے کہ قرآنِ پاک میں ان دونوں چیزوں کو کینہ کا سبب قرار دیا گیا ہے۔
اے ایمان والو! شراب اور جُوا اور بُت اور پانسے ناپاک ہی ہیں، شیطانی کام، تو ان سے بچتے رہنا کہ تم فلاح پاؤ۔ شیطان یہی چاہتا ہے کہ تم میں بَیر اور دشمنی ڈلوا دے شراب اور جوئے میں اور تمہیں اللّٰہ کی یاد اور نماز سے روکے تو کیا تم باز آئے؟
(المائدۃ: 90 تا91)

⚡4. نعمتوں کی کثرت:

نعمتوں کی فَراوانی بھی آپس میں بُغْض و کینہ کا ایک سبب ہے، شکرِ نعمت اور سخاوت کی عادت اپنا کر اس سے بچنا ممکن ہے۔

✨ امیر المؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے فرمایا کہ میں نے سرکارِ دو عالم صلَّی اللہُ علیہ و اٰلہ وسلَّم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ:
یعنی دنیا کسی پر کشادہ نہیں کی جاتی مگر اللہ ان کو تاقیامت بُغْض و عداوت میں مبتلا فرما دیتا ہے۔
(مسند احمد)