🔥منافقین کی اقسام:


▪منافقین کی دو اقسام ہیں۔

💫1. منافق اعتقادی(نفاقِ اکبر):
💫2. منافق عملی(نفاقِ اصغر):


⚡اول: نفاق اکبر:

وہ یہ ہے کہ انسان اللہ، اس کے فرشتوں، اس کی نازل کردہ کتابوں، اس کے رسولوں، اور یوم آخرت پر اور اچھی بری تقدیر پر ایمان ظاہر کرے لیکن ان تمام یا ان میں سے بعض عقائد کی مخالفت دل میں چھپائے رکھے۔

یہی وہ نفاق ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ میں پایا جاتا تھا، انہی منافقین کی مذمت اور تکفیر کے سلسلہ میں قرآن نازل ہوا اور اس بات کی خبر دی کہ یہ (منافقین) جہنم کی سب سے آخری(نچلی) تہہ میں ہوں گے۔
(جامع العلم والحکم)

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمتہ اللہ نے نفاق اکبر کی بعض صورتیں ذکر کی ہیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں:

ایک نفاق، نفاق اکبر ہے جس کا مرتکب جہنم کی سب سے نچلی تہہ میں ہوگا، جیسے عبد اللہ بن اُبی(منافقین کا سردار) وغیرہ کا نفاق، اور وہ نفاق یہ ہے کہ کھلے طور پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جھٹلائے، یا آپ کی لائی ہوئی شریعت کے بعض حصہ کا انکار کرے، یا آپ سے بغض رکھے، یا آپ کی اطاعت کے واجب ہونے کا عقیدہ نہ رکھے، یا آپ کے دین کی پستی سے خوش ہو، یا آپ کے دین کا غلبہ اسے نہ بھائے اور اسی طرح کے دیگر امور جن کا مرتکب اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دشمن ہی قرار پاتا ہے۔

یہ چیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ مبارک میں موجود تھی اور آپ کے بعد بھی باقی رہی، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد یہ چیز آپ کے عہد مسعود کی بہ نسبت کہیں زیادہ پائی گئی۔
(مجموع فتوی)ٰ