🌹 لباس اور ستر پوشی:


آج کل جہاں بہت سی خرابیاں نسل انسانی کی پستی کا سبب ہیں، وہیں ستر پوشی اور لباس میں بھی شیطانی چال نے ہر طرف بے حیائی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

▪ بےحیائی نے عورت کے سر سے چادر چھین لی ہے اور نت نئے فیشن سے مرعوب ہو کر عورت نے اپنے جسم کو باریک اور چست لباس سے مزین کر کے لوگوں کے لئے زینت بنا چھوڑا ہے کہ اس بے حیائی میں لباس پہنے ہوئے بھی لباس میں محسوس نہیں ہوتیں۔
نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بے حیائی پھیلانے والی ایسی تمام عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔

▪ اس بے حیائی کی دوڑ میں یہی حال نوجوان لڑکوں کا بھی ہے کہ اسلامی روایات کو بالائے طاق رکھ کر ایسا لباس زیب تن کرتے ہیں کہ دوسری قوموں سے مرعوب ہو کر ان کی تہذیب، اُن کا طرز اپنانا، گویا انہی اقوام کی مشابہت میں آتا ہے۔ جس پر احادیث میں سخت ترین وعیدیں آئی ہیں کہ جو انسان دنیا میں جس قوم کی شباہت اختیار کرے گا وہ کل قیامت میں انہی کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور اس کا حشر انھی کے ساتھ ہو گا۔

💫 بے شرمی اور بے حیائی کی ایک قسم یہ کہ عورتوں کا ایسا لباس پہننا جس میں سر کے بال اور سینے کھلے ہوں۔ ایسا لباس پہننا منع ہے۔ کیونکہ ایسا کرنے والی عورت ناصرف خود گنہگار ہوتی ہے بلکہ ہر ایک کو دعوتِ نظارہ دے رہی ہوتی ہے۔ اس کی وجہ سے جس جس مرد سے بد نظری ہوئی، تو اسکا وبال اسی عورت پر ہی ہو گا۔

💫 بے شرمی اور بے حیائی کی ایک قسم یہ ہے کہ آجکل مرد عورتوں کے اور عورتیں مردوں کے لباس استعمال کرتے ہیں۔ حالانکہ اس بارے میں پیارے آقا دو عالم حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسی مشابہت کرنے والوں پر لعنت فرمائی ہے:
اور پیارے آقا دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا:
اے مسلمانو! تم ایسے لوگوں کو اپنے گھروں سے نکال دو۔
*(بخاری شرح) *

💫 بے شرمی اور بے حیائی کی ایک قسم یہ کہ ایسا لباس پہننا جو جسم اور بدن سے چپکا ہوا ہو اور بہت زیادہ چست ہو۔ ایسے لباس سے مردوں اور عورتوں دونوں کو بچنا چاہیے بالخصوص عورتوں کو؛
کیوں کہ حدیث پاک میں ایسے لباس والی عورتوں کو لباس سے عاری اور برہنہ کہا گیا ہے جن کے لیے دوزخ کی وعید ہے:
دوزخ میں ایسے ایسے لوگ جائیں گے جن میں وہ عورتیں بھی ہیں جو کپڑا پہننے کے باوجود ننگی ہوں گی۔
(مسلم شریف )

💫 بے حیائی کی ایک قسم اتنا باریک لباس پہننا جس میں جسم کے اعضاء نظر آتے ہوں۔
عورتوں کے لیے ایسا لباس بالکل جائز نہیں۔ اور مردوں کو بھی باریک لنگی یا پائیجامہ پہننا جائز نہیں۔ البتہ دوسرے کپڑے باریک ہوں تو مضائقہ نہیں کیوں کہ مردوں کا ستر صرف تہہ بند یا پائیجامہ سے چھپ جاتا ہے۔
(فتاویٰ دارالعلوم)

💫 مرد اور عورت ہمیشہ ایسا لباس استعمال کریں جو ان کی جنس کے اعتبار سے خوبصورتی اور زینت کا سبب بنے اور ایسا لباس ہرگز اختیار نہ کریں جس میں بے ہودگی اور بے حیائی ٹپکتی ہو۔