🌹 احسان تعریف:


لفظ احسان کا مادہ ح - س - ن ہے جس کے معنی عمدہ و خوبصورت ہونا کے ہیں۔

💫 احسان کے لغوی معانی ہیں:
نیکی، اچھا سلوک، مہربانی کا برتاؤ، اچھے سلوک کا بار، یا وہ جسے سلوک کرنے والا یا جس سے سلوک کیا گیا، محسوس کرے۔

💫 عام طور پر دوسروں سے بھلائی کے ساتھ پیش آنا احسان کہلاتا ہے۔

احسان کے معنی ہیں:
کسی کام کو اس کے بہترین طریقے پر کرنے کے ہیں۔ دین میں جب کوئی عمل اس طرح کیا جائے کہ اس کی روح اور قالب، دونوں پورے توازن کے ساتھ پیش نظر ہوں، اس کا ہر جذبہ تمام و کمال ملحوظ رہے اور اس کے دوران میں آدمی اپنے آپ کو خدا کے حضور میں سمجھے تو اسے احسان کہا جاتا ہے۔

💫 امام نووی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ
ایسی حالت میں بندہ اپنی عبادت کو پورے کمال کے ساتھ انجام دے گا اور اس کے ظاہری ارکان آداب کی بجا آوری اور باطنی خضوع و خشوع میں کسی چیز کی کمی نہیں کرے گا۔ الغرض عبادت کی اس اعلیٰ درجے کی حالت اور ایمان کی اس اعلیٰ کيفیت کواحسان کہتے ہیں۔
(نووی، شرح صحيح مسلم)

▪ ایک روز جبریل امین علیہ السلام بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں انسانی شکل میں حاضر ہوئے اور امت کی تعلیم کے لیے عرض کیا:
یا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! مجھے ایمان کے بارے میں بتائیے کہ ایمان کیا ہے؟؟؟
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
(ایمان یہ ہے کہ) تو اللہ تعالٰیٰ، اس کے فرشتوں، اس کے (نازل کردہ) صحیفوں، اس کے رسولوں اور روزِ آخرت پر ایمان لائے اور ہر خیر و شر کو اللہ تعالٰیٰ کی طرف سے مقدر مانے۔
انہوں نے پھر پوچھا اسلام کیا ہے؟؟؟
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
(اسلام یہ ہے کہ) تو اس بات کی گواہی دے کہ اللہ تعالٰیٰ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں، (اور یہ کہ) تو نماز قائم کرے
اور زکوٰۃ ادا کرے اور تو ماہِ مضان کے روزے رکھے اور اگر استطاعت ہو تو اس کے گھر کا حج کرے۔
اس کے بعد جبریل امین علیہ السلام نے احسان کے بارے میں کہا۔ تو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
احسان یہ ہے کہ تو ﷲ کی عبادت اس طرح کرے گویا تو اسے دیکھ رہا ہے اور اگر تو (تجھے یہ کيفیت نصیب نہیں اور اسے) نہیں دیکھ رہا تو (کم از کم یہ یقین ہی پیدا کر لے کہ) وہ تجھے دیکھ رہا ہے۔
(بخاری، مسلم)

✨ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان کے مطابق:
احسان عبادت کی اس حالت کا نام ہے، جس میں بندے کو دیدار الٰہی کی کيفیت نصیب ہو جا ئے یا کم از کم اس کے دل میں یہ احساس ہی جاگزین ہو جائے کہ اس کا رب اسے دیکھ رہا ہے۔