💥 خودپسندی ازروئے قرآن:


🌸 اور وہ یہ سمجھے ہوئے ہیں کہ اچھے کام کر رہے ہیں۔
(سورة الكهف: 104)

🌸(مگر) حقیقت یہ ہے کہ (نافرمان) انسان سرکشی کرتا ہے۔
(سورہ علق: 06)

🌸 یقین جانو، اللہ کسی ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو اپنے پندار میں مغرور ہو اور اپنی بڑائی پر فخر کرے۔
(سورہ النساء: 36)

🌸 اور کہا! ہم مال و اولاد میں بہت بڑھے ہوئے ہیں یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم عذاب دیئے جائیں۔
(سورہ سباء: 35)

🌸 اور لوگوں سے (غرور کے ساتھ) اپنا رخ نہ پھیر اور زمین پر اکڑ کر مت چل، بیشک ﷲ ہر متکبّر، اِترا کر چلنے والے کو ناپسند فرماتا ہے۔
(سورہ لقمان: 18)

🌸 الغرض اس کے پاس میوے تھے، ایک دن اس نے باتوں ہی باتوں میں اپنے ساتھی سے کہا کہ میں تجھ سے زیادہ مالدار ہوں اور جتھے کے اعتبار سے بھی زیادہ مضبوط ہوں۔
(سورہ کہف: 34)

🌸 اور وہ لوگ یہ سمجھے ہوئے تھے کہ ان کے قلعے ان کو خدا (کے عذاب) سے بچا لیں گے۔ مگر خدا نے ان کو وہاں سے آ لیا جہاں سے ان کو گمان بھی نہ تھا-
(سورةالحشر: 2)

🌸 تو کیا وہ شخص جس کے لئے اس کے بُرے اعمال مزین کر دیئے گئے ہیں پس وہ انہیں اچھا سمجھتا ہے (کیا وہ ہدایت یافتہ شخص جیسا ہے؟) (یقین مانو)،
کہ اللہ جسے چاہے گمراہ کرتا ہے اور جسے چاہے راہ راست دکھاتا ہے۔ پس آپ کو ان پر غم کھا کھا کر اپنی جان ہلاکت میں نہ ڈالنی چا ہیے، یہ جو کچھ کر رہے ہیں اس سے یقیناً اللہ تعالیٰ بخوبی واقف ہے۔
(سورہ فاطر: 8)

🌸 قرآنِ پاک میں اللہ ارشاد فرماتا ہے:
بے شک اللہ تعالیٰ نے بہت سے مواقع پر تمہاری مدد کی، حنین کے دن جب تمہاری کثرت نے تم میں عُجب (اپنی خوبی پر اترانا) پیدا کر دیا تو وہ تمہارے کچھ کام نہ آیا، زمین وسیع ہونے کے باوجود تم پر تنگ ہو گئی پھر تم پیٹھ دے کر پھر گئے۔
(سورہ توبہ: 25)




: 💥 خود پسندی ازروئے حدیث:


🍀 نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
خودپسندی ستر سال کے عمل کو برباد کر دیتی ہے۔
(جامع صغیر)

🍀 امام احمد رحمتہ اللہ علیہ معاویہ رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
اپنے آپ کو مدح سرائی (تعریف) سے بچاؤ کیونکہ یہ انسان کو ذبح کر کے رکھ دیتی ہے۔
(صحیح الجامع)

🍀آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
تمہارے اندر ایک قوم ہو گی جو عبادت کرے گی اور سخت جانفشانی اور محنت و مشقت کے ساتھ عبادت کرے گی، یہاں تک کہ لوگوں کو انکی کثرت عبادت پر تعجب ہو گا اور وہ خودپسندی اور غرور میں مبتلا ہو گی، پھر یہ لوگ دین سے اس طرح نکل جائیں گے، جیسے تیر شکار کے پار نکل جاتا ہے۔
(مسند احمد)

🍀 انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
تین چیزیں ہلاک و برباد کر دینے والی ہیں، بخل و حرص، خواہشاتِ نفس کی اتباع اور اپنی رائے پر مغرور ہونا۔
(مسند بزار)

🍀 حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
اگر تم گناہ نہ بھی کرو تو مجھ کو ایک گناہ کے بارے خطرہ ہے کہ تم لوگ اس میں مبتلا ہو جاؤ گے اور وہ ہے عُجب یعنی خود بینی (خود پسندی)۔
(بزار)

🍀 ارشاد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم ہے:
(بنی اسرائیل میں) ایک شخص (قارون یا ہیزن فارس کا رہنے والا) ایک جوڑا پہن کر بالوں میں کنگھی کیے اتراتا جا رہا تھا۔ یکایک اللہ تعالیٰ نے زمین میں اس کو دھنسا دیا وہ قیامت تک اس میں تڑپتا رہے گا۔
(بخاری)

🍀آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
اسلام غالب ہو گا یہاں تک کہ تجار (تاجر کی جمع) بکثرت سمندری سفر کریں گے اور گھوڑے اللہ کے راستے میں کود پڑیں گے، پھر ایسے لوگ ظاہر ہوں گے، جو قرآن پڑھیں گے تو کہیں گے کہ ہم سے بڑا قاری کون ہے؟ ہم سے بڑا عالم کون ہے؟ ہم سے بڑا فقیہ کون ہے؟
پھر نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام سے پوچھا کہ کیا ان لوگوں میں کوئی خیر ہے؟
انہوں نے فرمایا:
اللہ اور اس کے رسول کو بہتر علم ہے۔
تو آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
وہ تم میں سے اور اسی امت میں سے ہوں گے اور وہ جہنم کا ایندھن ہوں گے۔
(طبرانی الاوسط)