🔥 ضد کی تعریف:


ضد کے معنی ہیں ہٹ دھرمی، اپنی مرضی کرنا، انا اور اڑ جانا...

✨ ضد سے مراد کسی بھی معاملے میں دوسروں کی مرضی کے برعکس اپنی مرضی کو فوقیت دینا اور اس پر اَڑ جانا اور ڈٹے رہنا ہے۔ چاہے یہ مرضی ناپسندیدہ یا نقصان دہ ہی کیوں نہ ہو۔

⚡ ضد میں آکر انسان اپنی ذات کو ترجیح دیتے ہوئے اللہ کی رضا کو بھی نظر انداز کر دیتا ہے اور اللہ کے قرب سے دور ہو جاتا ہے۔

⚡ دیکھا جائے تو کسی بھی بات پر اٹک جانا، کسی کی نہ سننا، خود کو صحیح سمجھنا ہی ضد ہے۔ ضد میں انسان نفع نقصان دیکھے بنا کسی بات پر اڑ جاتا ہے۔ اصل میں ہماری ذات کا ہی کوئی نہ کوئی پہلو ہوتا ہے جو ہمیں کسی بھی فیصلے یا سوچ پر اٹکائے رکھتا ہے، کسی بھی معاملے میں ہم اپنی مرضی کرتے ہیں۔ کسی کی سننے کے لئے تیار نہیں ہوتے تو یہ ہماری ضد ہوتی ہے جو کہ ہمیں نقصان دیتی ہے۔

⚡ ضد میں آکر کسی کے ساتھ کوئی سمجھوتا کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے اور ہمارا یہ عمل ہم سے غلط قدم اٹھواتا ہے، جس سے لڑائی جھگڑا بھی ہوتا ہے اور نقصان بھی اٹھاتے ہیں۔ یہ باطل کا وار ہوتا ہے جس میں ہم پھنس جاتے ہیں اور بہت سے معاملات میں ہماری وہ ضد ہماری زندگی کا پچھتاوا بن جاتی ہے۔

⚡ ضد کسی بھی بات پر اصرار کے ساتھ ڈٹے رہنے کا نام ہے، ضد اکثر ہم اپنی مرضی اور نفس کے سامنے بے بس ہو کر پوری کرتے ہیں۔ نفس انسان کو طرح طرح سے اپنی مرضیوں میں پھنساتا ہے۔ اور یہی پھنسنا ہمیں اللہ کے ناپسندیدہ عمل اور شیطان کی پیروی پر اکساتا ہے۔ شیطان بھی ضدی، ڈھیٹ اور اپنی مرضی پر اڑ جانے والا ہے اور وہ انسان کو بھی بہکاتا اور ضد پر مجبور کر کے اپنی اطاعت کرواتا ہے۔