🌹 امانت داری کی تعریف:



✨امانت اُس مال یا سامان کو کہتے ہیں جو کسی کے پاس بطور امانت رکھا جائے۔
✨جس کے پاس امانت رکھی جائے اُس کو مودَع یعنی امانت دار یا امین کہتے ہیں۔
✨مال یا سامان کے مالک کو مودِع یعنی امانت دہندہ یا امانت گزار کہتے ہیں۔

✨مثلااگر زید نے عبد اللہ کے پاس ایک ہزار روپے بطور امانت رکھے تو زید امانت دہندہ یا امانت گزار، عبد اللہ امانت دار یا امین اور ایک ہزار روپے امانت کہلائیں گے۔

اسلام نے ہر عملِ خیر کے کرنے کی ترغیب اور ہر عملِ شر سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ عملِ خیر میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنا مال یا سامان کسی شخص کے پاس بطور امانت رکھنا چاہے تو امانت دار یعنی امین کو چاہئے کہ اگر وہ اُس مال یا سامان کی حفاظت کر سکتا ہے تو ساری انسانیت کے نبی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے مطابق اُس مال یا سامان کو بطور امانت رکھ کر اپنے بھائی کی مدد کرے۔

▪ شریعت اسلامیہ نے ہمیں اپنے پاس امانت رکھنے اور امانت دہندہ کے مطالبہ پر واپس کرنے کی خصوصی تعلیمات دی ہیں۔ اور ان خصوصی تعلیمات پر عمل کرنا امانتداری کہلاتا ہے۔

اس کے ذریعہ آپس میں میل جول، محبت اور ایک دوسرے پر بھروسہ پیدا ہوتا ہے جو ایک اچھے معاشرہ کے وجود کا سبب بنتا ہے۔