🌹 زبان کی حفاظت ازروئے قرآن:


🌸 یقیناً وہ لوگ جو پاک دامن، بے خبر مومن عورتوں پر بہتان باندھتے ہیں دنیا میں بھی لعنت کئے گئے اور آخرت میں بھی اور ان کے لئے بہت بڑا عذاب (مقدر) ہے۔ وہ دن (یاد کرو) جب ان کی زبانیں اور ان کے ہاتھ اور ان کے پاؤں ان کے خلاف ان باتوں کی گواہی دیں گے جو وہ کیا کرتے تھے۔ اس دن اللہ انہیں ان کی پوری پوری جزاء دے گا جس کے وہ سزاوار ہیں اور وہ جان لیں گے کہ یقیناً اللہ ہی ہے جو ظاہر حق ہے۔
(سورہ النور:23 تا 25)

🌸 ارشاد باری تعالی ہے:
بے شک مراد کو پہنچے ایمان والے جو اپنی نماز میں گڑ گڑاتے ہیں اور وہ جو کسی بیہودہ بات کی طرف التفات نہیں کرتے۔
(سورة مومنون:1تا 3 )

🌸 ارشاد باری تعالیٰ ہے:
اس سے لیتے ہیں، دو لینے والے ایک داہنے بیٹھا ایک بائیں۔ کوئی بات وہ زبان سے نہیں نکالتا کہ اس سے پہلے وہ لکھ لی جاتی ہے۔ ایک تیار بیٹھا ہوا محافظ لکھ لیتاہے۔
(سورہ ق:17 تا 18)

🌸 اور تم میں سے کوئی ایک دُوسرے کی غیبت نہ کرے، کیا پسند کرتا ہے تم میں سے کوئی کہ وہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے؟ تو تم اس سے گھن کرو گے۔
(سورة الحجرات:12)



🌹 زبان کی حفاظت ازروئے حدیث:


🌸جو شخص اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہے (اسے چاہئے یا تو) وہ بھلائی کی بات کہے ورنہ خاموش رہے۔
(بخاری، مسلم)

🌸اہلِ ایمان کی گفتگو بہترین اور پُرتاثیر ہوتی ہے اور وہ ہمیشہ فضولیات سے احتراز کرتے ہیں کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ
فضول باتوں کو چھوڑ دینا، آدمی کے اسلام کی اچھائی کی دلیل ہے۔
(مؤطا امام مالک)

🌸 سیدنا ابو موسٰی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کیا:
اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! مسلمانوں میں کون افضل ہے؟؟؟
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں۔
( بخاری، مسلم)

🌸 سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے ایک دن نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے (اُن کی دوسری بیوی سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا کی بابت) عرض کیا:
آپ کے لئے صفیہ کا ایسا ایسا ہونا کافی ہے۔ بعض راویوں نے کہا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی مراد یہ تھی کہ وہ پستہ قد ہیں تو آپ نے (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے) فرمایا کہ:
تو نے ایسی بات کہی ہے کہ اگر اسے سمندر کے پانی میں ملا دیا جائے تو وہ اس کا ذائقہ بدل ڈالے۔
(سنن ابی داؤد)

🌸 یعنی ایک مسلمان کے لئے دوسرے مسلمان کا خون، مال اور اُس کی عزت و آبرو قابلِ احترم ہیں۔
(بخاری)

🌸 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ:
جو شخص مجھے اپنی زبان اور شرمگاہ کی ضمانت دے تو میں اس کے لئے جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔
(بخاری)

🌸 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ:
کیا تم جانتے ہو کہ لوگوں کو کثرت کے ساتھ کون سی چیز جہنم میں داخل کرے گی؟؟؟
"وہ دو کھوکھلی چیزیں؛ زبان اور شرمگاہ۔
(سنن ترمذی، سنن ابنِ ماجہ، صحیح)

🌸 عبداللہ بن بسرؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے حضور اقدس صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا کہ
یا رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم! اس میں شک نہیں کہ اسلام کی چیزیں بہت ہیں اور ان سب پر عمل کرنا میرے لیے دشوار ہے۔ لہذا آپ مجھے کوئی ایسی چیز بتا دیجیے جسے میں مضبوطی سے پکڑ لوں۔ اس کے جواب میں حضور اقدس صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ ہمیشہ تیری زبان اللّٰہ کے ذکر سے تر رہے۔
(مشکوٰۃ المصابیح٬ ۱۹۸،از ترمذی وابن ماجہ)