⚔ 4. باطل اور روحانی سلسلہ⚔

کسی بھی روحانی سلسلے سے جڑ کر ہم حق کے سفر میں آ گے بڑھیں گے تو اللہ کی قربت اور آشنائی کا سفر تیز ہو گا۔ اس سے ہمارا سلسلے پر یقین بھی بڑھے گا ۔اور یہاں اٹیچ ہونے کے بعد ہم میں بدلاﺅ بھی آئے گا۔ اب اس راہ پر استقامت سے آگے بڑھنا ہماری آزمائش ہو گی۔
باطل یہاں وار کرنے کی کوشش کرے گا اور کوئی نہ کوئی ایسا پہلو دکھائے گا جہاں آپ کے اندر سلسلے کے حوالے سے شبہات یا سوال اٹھیں۔آپ کے اندر سلسلے کے کسی نہ کسی پہلو کے حوالے سے ناپسندیدگی کا احساس بیدار کرے گا۔اگر آپ نے یہاں پر باطل کو راستہ نہ دیاتو وہ دوسری طرف سے بھی آئے گا اور یہ ظاہر کرے گا کہ سلسلہ کے اصول و ضوابط یا معاملات چلانے کے طریقہ کار میں کمی بیشی موجود ہے ۔اصل میں باطل ہماری روحانی سلسلے سے ہمارے مضبوط تعلق کو جس میں ذرہ بھر بھی باطل کے گھسنے کی گنجائش نہیں تھی وہاں اپنی پنجہ آزمائی شروع کر دے گا۔ اور ہمارا یقین کمزور ہونے لگے گا۔
اور یہاں اگر ہم نے خود کو الرٹ نہ رکھا اور باطل کے اس وار سے لڑنے کی کوشش نہ کی تو پھر آہستہ آہستہ باطل اور کڑے وار کرنے لگے گا۔ اور ہمارے اندر منفی پوائنٹس اٹھانا شروع کر دے گا۔اور وہی سب پوائنٹس جو سلسلے کے حوالے سے کبھی ہمارے یقین کو کامل کرنے کا سبب بنے تھے وہ پوائنٹس ہی سلسلے پر اعتراض کرنے کا سبب بن جائیں گے ۔اور ہم ان پر اڑ جائیں گے۔ یہاں باطل ہمارے اندر یہ سوچ اٹھائے گا کہ ہم جو اعتراضات اٹھا رہے ہیں وہ بالکل جائز اور درست ہیں۔ او ر ہم تو دراصل حق کا علم بلند کر کے سچائی سامنے لا رہے ہیں۔ اور خود کو درست سمجھ کر سلسلے کے طریقے اور اصول وضوابط کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل کر نا چاہیں گے۔اور جب جو جو ہم نے چاہا اس کے مطابق ویسا نہیں ہو گا تو اندر سے باطل دِل مزید ہٹائے گا۔سلسلہ اور سلسلے والوں سے متنفر کرے گا او ر باطل کو مزید کاری وار کرنے کا موقع مل جائے گا۔
اگر آپ اب بھی الرٹ نہ ہوئے تو ہمیں باطل یقین دلائے گا اور ایسا لگنے لگے گا کہ ہم تو حق بات کر رہے ہیں ۔مگر اس وقت باطل کے شکنجے میں ہوں گے اور سمجھ نہیں آئے گی کہ یہ باطل ہے جو ہمیں خود کو درست اور سلسلے کو غلط دِکھا رہا ہے۔
باطل ہمیں سلسلے کے مضبوط حصار سے نکال کر کمزور کرنا چاہے گا تاکہ حق کی راہ پر چلنے میں آسانی سے روک سکے۔ اگر کوئی ایسا احساس اٹھا اور اس پر جواب دے کر مطمئن بھی کر دیا گیا ہو۔ پھر بھی وہ اعتراض اندر باقی ہے تو یہ انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ یہاں سے باطل کے داﺅ پیچ سے بے حد الرٹ رہ کر خود کو بچانا ہے۔