اسرارِ عشق 111 سے 120

🔥111۔ محبت کیا ہے؟
روح کا آفاقی تعلق جو ازل سے ہے اور وقت مقررہ پر اپنے محبوب سے جڑ جاتا ہے۔ دل کا رشتہ جس میں محبوب کو دل کی آنکھ سے دیکھا اور سنا جاتا ہے۔ اور دل سے اس کی آنکھ کے اشارے کو سمجھ کر اس پر عمل کیا جا تا ہے۔

🔥112۔ محبت کو اگر حقیقی محبت کے حوالے سے دیکھا تو اللہ پہلے خود ہم سے محبت کرتا ہے۔ جو وہ ازل سے کرتا آ رہا ہے۔ لیکن ہم اسے اب محبت کی نظر سے دیکھنے لگے ہیں۔ ہم اللہ سے محبت کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن ہمارا کوئی بھی عمل اللہ سے محبت کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔ ہم موت سے ڈرتے ہیں تو ہمارا یہ خوف اور ڈر ہماری اس کمزور محبت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ہم اپنے محبوب کے پاس جانے سے ڈرتے ہیں۔ موت سے ڈر ہماری اصل اوقات کو سامنے لے آ تا ہے۔ کہ ہماری اللہ سے محبت صرف زبانی کلامی ہی ہے یا ہم اللہ سے محبت اپنی غرض سے ہی کر تے ہیں۔ جیسے ہی ہماری غرض پوری ہو تی ہے ۔ ہم اللہ کی محبت کا لبادہ اتار کر پھر سے دنیا کی رنگینیوں میں الجھ جا تے ہیں

🔥113۔ محبت کا تقاضا ہے محبوب پر مکمل یقین اعتبار اور بھروسا... اس کی ہر بات کو مان لینا... اس کی ہر ادا کا دل کو بھا جانا... بس پیار ہی پیار کرنا... اور بدلے میں کسی قسم کی توقع نہ رکھنا ...بے لوث اور خالص ہو کر... میں نہیں۔۔۔ تُو... ہوتے جانا ہی محبت ہے۔

🔥114۔ محبت وہ تعلق ہے جو ہر رشتے ناطے سے بڑھ کر خوش رنگ، خوبصورت اور اہم ترین ہے۔ اور محبوب تمام ترجیحات میں اولین ترین ترجیح ہو تا ہے۔ زندگی کی ہر صبح و شام محبوب کے نام ہو تی ہے۔ دن کا چین راتوں کا قرار محبوب سے ہوتا ہے کہ محبت میں محبوب ہی دل و جان کا مطلوب و مقصود جو ٹھہرتا ہے۔

🔥115۔ محب کے لیئے محبوب دنیا میں سب سے جدا ہوتا ہے اور اس کے جدا گانہ انداز کا اظہار محب کے ہر ہر عمل سے ہوتا ہے۔

🔥116۔ محبت میں نہیں فرق جینے اور مرنے کا ...کہ محبوب کو دیکھ کر جینا اور بنا دیکھے مر نا ہے۔

🔥117۔ محبت ایک بے لوث جذبہ ہے جس میں محب کا ہر حال میں اپنے محبوب کی پسند و نا پسند کا خیال رکھنا اور محبوب کو راضی رکھنا ہی مقصد ہو تا ہے۔

🔥118۔ محبت کا تقاضہ ہے کہ محبوب کے رنگ میں رنگ جاﺅ۔ اس کی چاہت پر کسی اور چاہت کو غالب نہ آنے دو۔ اس کے رنگ پر کوئی اور رنگ حاوی نہ ہو ۔ بس جو تیری خوشی وہ میر ی خوشی ہو جائے۔ ہر لمحہ اس کی یاد... اس کا احساس... اس کی تڑپ... اس کی چاہ ہو۔

🔥119۔ محبت دل کو رہبر کامل مان لینے اور اس کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا تقاضا کر تی ہے۔

🔥120۔ محبت محبوب کو اپنا لینے اور خود محبوب کا ہو جانے کی طلب کے علاوہ ہر طلب کے ختم ہو جانے کا نام ہے۔