باطل الرٹ30
باطل اور ہوش وحواس


باطل کا ایک چھپا ہو ا کاری واریہ بھی ہے کہ وہ ہمارے اندر کی تڑپ کو ایسی راہ دے گا کہ اپنے اللہ سے پیار ، محبت اور عشق کی سر مستی میں سوچ سمجھ سے آزاد ہو جائیں یا ہو جانا چاہیں اور ہوش کھو دیں تاکہ باطل سے لڑ نہ سکیں اور نہ دوسروں کو لڑنا سکھا سکیں۔ اور باطل اپنی من مانی سے سب کو پھنسا تا رہے۔ جتنا جتنا ہم اپنے اللہ کی قربت کا سفر طے کرتے ہیں ہم پر اس کی صفات کے حجاب کھلتے جاتے ہیں ۔اور جب اس کے حسن وجمال سے پردہ اٹھتا ہے تو عاشق بے خود اور دیوانہ ہوا چلا جاتا ہے ۔ وہ ایسا مست ہوتا ہے کہ اسے ہوش میں آنا مشکل لگتا ہے۔اب یہاں بظاہر ہمیں لگے گا کہ ہم عشق کی شدت اور بیقراری کے ہاتھوں مجبور ہو کر ایسا چاہ رہے ہیں ۔اور لگے گا کہ ہمارے اندر عشق کی بیقراری نے اندر یہ چاہت اٹھائی ہے اور اندر سے اس پر مطمئن ہو کر خود کو درست سمجھ رہے ہو ں گے ۔
لیکن یاد رکھیں .....!ہم پر اللہ نے جو اپنی محبت اور معرفت کے درکھولے ان کی آشنائی آگے اللہ کے بندوں کو دینا لازمی ہے۔
اب یہاں ہمیں ہوش و خرد سے بیگانہ کر دینے والادراصل یہ باطل ہوگا جو ہمیں گھیرنا چاہ رہا ہو گا تاکہ ہم حق کی راہ پر نہ خود آگے بڑھ سکیں اور نہ ہی دوسرے اس آشنائی سے فائدہ اٹھا کر حق کی راہ پر آ گے جا سکیں اور یوں باطل کو کھلی چھٹی مل جائے ۔ اس لیے اپنے ہوش اور حواس سے بیگانہ ہو جانے کی چاہت کے پیچھے چھپے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔اورنہ صرف خود آگے بڑھیں بلکہ حق کے راستے پر دوسروں کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے آگے بڑھ کر باطل کا منہ توڑ دیں۔