54
عاشق کا دل محبت کا ٹھاٹھیں مارتا سمندرہوتا ہے۔ عاشق کے نس نس میں محبت بھری پڑی ہوتی ہے ۔جسے وہ اپنے معشوق سے عشق کے صدقے میں صرف بانٹتا ہی نہیں بلکہ لٹاتا ہے۔ یہ دیکھے بنا کہ کون محبت کے قابل ہے کون نہیں ۔ عاشق جتنی محبت لٹاتا ہے اسے اپنے معشوق سے اتنی ہی اور زیادہ محبت عطا ہوتی رہتی ہے۔ جو عاشق بھی چاہے گا کہ اس کا عشق اور معشوق سے قربت بڑھے وہ زیادہ سے زیادہ محبت لٹائے گا۔اور وہ محبت صرف انسانوں سے ہی نہیں بلکہ ہر جاندار و بے جان سے ہٹ کر تمام مظاہرِقدرت سے بھی محبت محسوس کرلے گا ۔کیونکہ عاشق کاعشق اگر سچا ہے تو وہ ایسے کرنے پر مجبور ہوتا ہے ۔کائنات کی ہر شے پر جب پیار پھیلتا جائے گا تو دل بھی ایسے عاشقوں والا بنتا جائے گا جن کے دل میں کائنات سما جاتی ہے۔