60
عاشق کے لیے ہر احساس معشوق سے وابستہ ہوتا ہے۔ یہ بات ہر عاشق کہتا بھی ہے۔ پر یہاں پر صرف الفاظ کہہ دینے یا کہتے رہنے سے کام نہیں چلے گا ۔یہاں عاشق اگر زندگی کی روٹین کے مختلف موقعوں پر خود کو چیک کر لے تو اسے خود کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا کہ کب کب، کتنا کتنا اور کہاں کہاں وہ کسی” ایک“ کے احساس کے ساتھ کسی بھی معاملے سے نکلتا ہے۔ مثلاًغم اور خوشی میں ڈھل جانا اسی ایک سے ہو.... بے یقینی اور مایوسی سے نکل کر یقین اور امید پکڑنے کی وجہ وہی ایک ہو...گرتے ہوئے تھام لینے والا اسی ایک کو دیکھنا چاہیں..... ایک کا ہاتھ تھامنا چاہیں...... وغیر ہ وغیر ہ۔ ایسے ہر موقع پر عاشق کو صرف معشوق ہی نظر آتا ہے تو ٹھیک ہے۔ اور اگر مختلف موقعوں پر مختلف حوالے نظر آتے ہیں تو سمجھو کہ عاشق ایک جگہ توجہ مرکوز نہیں کر رہا ۔اس کے عشق کی پاور ادھر ادھر منتشر ہو رہی ہے۔
عاشق ہر موقع پر ایک ہی جگہ توجہ رکھ کر پاور بڑھا سکتا ہے۔ اور یہ وہ پاور ہوتی ہے جو عاشق کو معشوق کے ساتھ مضبوطی سے باندھے رکھتی ہے۔ اب اگر اسے منتشر کر دیا تو پاور کم ہو گی ۔اور معشوق کے ساتھ بندھے ہونے میں بھی اتنی ہی کمی رہتی جائے گی۔ اب خود کو اس پوائنٹ پر چیک کریں ۔اور خود پر اس حوالے سے نظر رکھیں کہ زندگی کے مختلف موقعوں پر اپنے ایک پر ہی کھڑے رہتے ہیں یا نہیں۔