سوال7: کیا عاشق خود غرض ہوتا ہے؟
اگر ہاں تو کس کس حوالے سے خود غرض ہوتا ہے عاشق؟
جواب:
عاشق میں بس معشوق ہوتا ہے۔ اور وہ ہر جگہ ،بھیڑ میں، تنہائی میں بس معشوق کو ہی دیکھنا چاہتا ہے۔ عاشق دنیا میں پھنسنے کی بجائے وہاں سے دل بچا کر نکلتا ہے۔ وہ اپنے معشوق تک پہنچنے کے لیے چیزوںکو یہاں تک کہ لوگوں کو بھی استعمال کرتا ہے۔ وہ صرف اپنے معشوق سے مخلص ہوتا ہے۔ وہ بس معشوق کی خاطر دنیا کے ہر رشتے کو نبھاتا ہے۔ عاشق سے بڑا کوئی خود غرض نہیں۔ جو چیز معشوق کی پسند کے مطابق نہ ہو وہ فوراً چھوڑ دے گا۔عاشق سب معاملات کو اپنا عشق بڑھانے اور معشوق کی خوشی کے لیے استعمال کرتاہے۔ عاشق ہر معاملے، ہر رشتے ناطے کو معشوق کی نظر سے دیکھتا ہے۔ اس کے لیے کچھ بھی اورکوئی بھی معشوق سے اہم نہیں ہوتا۔
عاشق سارے جہان کو اپنا اور اپنے معشوق کا تعلق مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔سچا عاشق کسی کی پرواہ نہیں کرتا۔ کسی پر نظر نہیں رکھتا۔ عاشق خود غرض ہوتا ہے۔ وہ ہر معاملے ،ہر رشتے ،ہر کام کوزندگی میں اپنے معشوق سے اپنا عشق بڑھانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ وہ معشوق کی خاطر خود سے لڑ کرخود کو بھی کاٹ پھینکتا ہے۔ وہ اپنے معشوق کی خوشی رضا اور مسکراہٹ کے لیے ہر چیز کو قربان کردیتا ہے۔ اس کے لیے معشوق سے بڑھ کر کوئی رشتہ ،تعلق یا چیز قیمتی نہیں ہوتی۔
عاشق ہر ذریعے کو اپنے معشوق سے قربت کی طرف سفر میں سیڑھیوں کی طرح جوڑتا ہے۔ وہ ہر معاملے کو معشوق سے جوڑتا جاتا ہے۔عاشق کائنات کی ہر چیز کو اپنے معشوق کی رضا پانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ عاشق کی خودغرضی معشوق کے لیے ہوتی ہے ۔عاشق کی خود غرضی چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ جو بظاہر نظر نہیں آتی۔ اس کو کسی کے ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔ بس معشوق کے ہونے نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے۔ عاشق ہرمعاملے کو بس اپنے معشوق کی نظر سے دیکھتا ہے۔ ہر معاملے میں سے عشق نکال لیتا ہے۔
عشق کہتا ہے خود غرض ہو جا ۔آنکھوں کی خودغرضی ....کسی کو نہ دیکھنا معشوق کے سوا ۔عاشق قدموں کو خود غرض کر دیتا ہے کہ ....بس یار کی گلی کو چلنا ہے۔ وہ سر کو خود غرض کردیتا ہے.... کسی اور کے آگے نہ جھکنے دیتا معشوق کے سوا۔ عاشق دل کو خود غرض کردیتا ہے کہ .....بس معشوق کے لیے دھڑکتا ہے دل۔
عاشق اپنے معشوق کے دھیان لگا ہوتا ہے۔ اس لیے اس کا دھیان ہی کسی اور طرف نہیں جاتا۔ عاشق بس معشوق کی رضا چاہتا ہے۔ اس لیے بس اسی چاہ میں لگا رہتا ہے۔ اور یہی عاشق کی خود غرضی ہے۔