سوال129: عشق میں ذات پر کام کرنا ہوتا ہے مگر بعض اوقات محض رسمی سی سطحی سی کاروائی کے لیے اوپر اوپر کے ذات کے پوائنٹس پر کام کر لیا جاتا ہے۔ کیا یہ درست ہے؟
جواب
ذات کے گند مختلف قسم کے معاملات اورحالات و واقعات کے پیش آنے پر کھلتے ہیں۔ جب ہم ان پوائنٹس کو پکڑ لیں تو تہہ در تہہ مزید کئی گند ملتے ہیں۔ کیونکہ بہت سے پوائنٹس جو انتہائی باریک ہوتے ہیں۔ وہ گہرائی میں پڑے ہوئے نظر نہیں آتے اور انہیں صاف کرنے کے لیے ہمیں تہہ میں جانا پڑتاہے ۔وگرنہ اگرہم محض سطحی صفائی کرتے رہیں تو اوپر اوپر سے جھاڑ پونچھ تو ہوجائے گی مگر اس گند کی جڑ نہیں نکل سکے گی۔ اکثر ہم کسی ایک چھوٹے سے پوائنٹ کو پکڑ کر ذات کے بڑے گند تک جاپہنچتے ہیں مگر ہم اس کی صفائی کی بجائے اسے دیکھا ان دیکھا کردیتے ہیں۔ اور جہاں ذات کی چھلائی کا وقت ہوتا ہے ہم بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔ یا پھر سطح سے گرد و غبار ہٹا کر ہی مطمئن ہوجاتے ہیں۔ کبھی کبھی ظاہری صفائی ستھرائی کے بعد خوشبو چھڑک دیتے ہیں مگر اصل گند صاف نہیں کرتے۔ اس لیے ذات کی بدبو دار گندگی کا تعفن تیزی اور شدت سے پھیلتا ہے۔ جس سے نجات حاصل کرنے کے لیے اسے اندر سے اٹھا کر باہر پھینکناہی لازمی ہوتا ہے ورنہ وہ پوائنٹ بار بار سر اٹھائیں گے اور ہمیشہ سفر میں رکاوٹ بنیں گے